وشوا گرو کے دعویداربھارت کا پاسپورٹ عالمی سطح پر رسوا
غیر قانونی ملازمتوں پرملائیشیا میں بھارتیوں کیلئے ویزا فری داخلے کی سہولت ختم
اسلام آباد: وشواگرو کے دعویدار مودی کے دور حکومت میں بھارت کا پاسپورٹ عالمی سطح پر رسوائی کے ریکارڈ بنا رہاہے ۔ غیر قانونی ملازمتوں پر ملائیشیا نے بھارتیوں کے لیے ملک کے دروازے بند کر دیے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ملائیشیا نے بھارتی شہریوں کے لیے 30روزہ ویزا فری داخلے کی سہولت ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یکم جنوری 2027سے بھارتی شہریوں کو ملائیشیا جانے کے لیے پیشگی ویزا حاصل کرنا ہوگا۔ ملائیشیا کا یہ اقدام بھارتی شہریوں کی جانب سے ویزا فری سہولت کے مبینہ غلط استعمال کی اطلاعات کے بعد سامنے آیا ہے۔کوالالمپور میں بھارتی ہائی کمیشن نے ستمبر میں اپنے شہریوں کو ویزا فری داخلے کے دوران غیر قانونی ملازمتوں سے خبردار کیا تھا۔
بھارتی شہریوں کے لیے ویزا پابندیوں میں اضافے کا یہ سلسلہ دیگر ممالک میں بھی دیکھا گیا ہے۔ تھائی لینڈ نے رواں سال15ستمبر سے بھارتی شہریوں کے لیے بغیر ویزا قیام کی مدت کم کرکے 30 دن کر دی تھی۔نکاراگوا نے بھی بھارتی شہریوں کے لیے آمد پر ویزا کی سہولت ختم کر دی ہے۔ اس سے قبل بھارتی شہریوں کی طرف سے نکاراگواکو امریکہ میں غیر قانونی داخلے کے لیے استعمال کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔فرانس نے 2023میں انسانی اسمگلنگ کے شبے میں نکاراگوا جانے والی 303بھارتی مسافروں کی پرواز روک دی تھی۔آسٹریلیا میں بھی جعلی درخواستوں کے خدشات کے باعث متعدد بھارتی ریاستوں کے طلبہ کے داخلوں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
ملائیشیا میں غیر قانونی ملازمتیں اور تھائی لینڈ میں ہوٹل عملے کو ہراساں کرنے کی شکایات کے بعد عالمی سطح پربھارتیوں پر اعتماد ختم ہو چکاہے۔ غیر ملکی سیاحوں کو زبردستی سیلفیوں کے لیے ہراساں کرنے والے بھارتیوں کے رویے نے غیر ملکی حکومتوں کو ملک میں داخلے سے پہلے انکی سخت جانچ پڑتال پر مجبور کر دیاہے۔ کینیڈا اور لندن میں سڑکیں بند کر کے رقص کرنے والے بھارتی گروہوں کے رویے پر مقامی شہریوں میں شدید غم و غصہ پایاجاتاہے۔
مبصرین کے مطابق، غیر قانونی ملازمتوں اور امیگریشن قوانین کی خلاف ورزیوں کے الزامات بھارتی شہریوں کے لیے بیرون ملک سفر اور روزگار کے مواقع کو متاثر کر سکتے ہیں۔ملائیشیا اور تھائی لینڈ میں بھارتی شہریوں کے خلاف مبینہ خلاف ورزیوں کی شکایات سامنے آنے کے بعد امیگریشن جانچ پڑتال سخت کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
بھارتی شہریوں کی جانب سے بیرون ملک غیر قانونی ملازمتوں اور امیگریشن قوانین کی خلاف ورزیوں کے الزامات نے مودی حکومت کی سفارتی کامیابیوں کے دعوئوں پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔ امریکہ سے زنجیروں جکڑے بھارتی شہریوں کی ملک بدری کے بعد ملائیشیا میں ویزا فری داخلے سے محرومی کے بعد مودی کا وشوا گرو کا دعوی کھوکھلا نعرہ ثابت ہو گیاہے ۔ ایک طرف تو مودی حکومت تیز ترین معاشی ترقی کا دعویٰ کر رہی ہے جبکہ در حقیقت بے روزگاری کا شکار بھارتی شہری بیرون ملک روزگار کے حصول کیلئے غیر ملکی امیگریشن قوانین توڑنے پر مجبورہیں ۔








