حل طلب تنازعہ کشمیر ،کشمیریوں کے لیے مسلسل مصائب کی بڑی وجہ ہے:فاروق رحمانی
عرفان حسن شاہ کی المناک موت اپنے اہلخانہ سے ملاقات کے خواہشمند کشمیریوں کودرپیش مشکلات کی عکاس ا
اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرشاخ کے سینئر رہنما اور جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین، محمد فاروق رحمانی نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی سخت گیر پالیسیاں کشمیریوں کی انسانی مشکلات میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں۔
فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری بیان میں عرفان حسن شاہ کی المناک موت کا حوالہ دیا۔ عرفان کی لاش پیر، 23 نومبر کو کیرن سیکٹر کے قریب دریائے نیلم سے ملی تھی۔ اسے آزاد جموں و کشمیر کے مقامی لوگوں اور حکام نے برآمد کیا۔
عرفان حسن شاہ، محمد حسن شاہ کے بیٹے اور ضلع بارہمولہ کے علاقے رفیع آباد کے گائوں ڈانگی وچھہ کے رہائشی تھے۔ انہوں نے 1990کی دہائی کے اوائل میں آزاد جموں و کشمیر ہجرت کی تھی اور 2012تک اپنے خاندان کے ساتھ مظفرآباد میں مقیم رہے۔2012میں وہ والدین کی دیکھ بھال کے لیے ایک نام نہاد بحالی اسکیم کے تحت مقبوضہ کشمیرمیں اپنے آبائی گائوں واپس گئے۔ بھارتی حکومت اور اس وقت کی مقبوضہ کشمیر کی انتظامیہ کے وعدے پورے نہ ہوسکے۔ عرفان کو بار بار فوجی کیمپوں اور پولیس اسٹیشنوں میں طلب کرکے ہراساں کیا جاتا رہا۔ان کے بچوں کو شناختی کارڈ اور اسکولوں میں داخلہ نہیں دیا گیا جبکہ آزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والی ان کی اہلیہ کو پاکستان واپس آنے کے سفری دستاویزات سے محروم رکھا گیا۔ فاروق رحمانی نے کہا کہ بحالی اسکیم کے تحت واپس جانے والے دیگر کشمیریوں کو بھی ایسی ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ اپریل 2025کے پہلگام واقعے کے بعد بھارتی حکام نے آزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والی کئی خواتین اور ان کے بچوں کو زبردستی پاکستان بھیج دیا، جبکہ ان کے شوہر مقبوضہ علاقے میں رہ گئے۔
بیان کے مطابق، عرفان اپنے خاندان سے ملنے کے لیے قانونی راستے اختیار کرتے رہے، لیکن بھارتی حکام نے انہیں پاکستان جانے کی اجازت نہیں دی۔ فاروق رحمانی نے افسوس ظاہر کیا کہ مایوسی کے عالم میں عرفان نے اہلیہ اور بچوں سے ملنے کے لیے دریائے نیلم کے برفیلے اور تیز بہائو والے پانی میں تیر کر آزاد جموں و کشمیر پہنچنے کی کوشش کی ہو۔ بعدازاں ان کی لاش دریا سے ملی۔انہوں نے کہا کہ عرفان کی موت تنازعہ کشمیر کے باعث کشمیریوں کی جاری اذیت کی عکاس ہے۔ بھارتی فورسز اور خفیہ اداروں کی نگرانی میں کشمیری نوجوانوں کی زندگی مزید مشکل ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب لاکھوں کشمیری اپنے عزیزوں کے ساتھ خوشیوں اور غم میں شامل ہونے سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دہائی کے دوران مودی حکومت کی سخت گیر پالیسیوں کے باعث صورتحال مزید خراب ہوئی ہے۔ فاروق رحمانی نے عالمی رہنمائوں اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت سے پولیس تصدیق اور سفری پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کریں، تاکہ کشمیری پاکستان جا سکیں اور اپنے رشتہ داروں سے مل سکیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ ایسی پابندیاں لائن آف کنٹرول پر مزید المیوں کا سبب بن سکتی ہیں۔ فاروق رحمانی نے عالمی برادری سے تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے بھی کردار ادا کرنے کی اپیل کی.






