بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو کھلی جیل میں تبدیل کر دیاہے: حریت کانفرنس
بھارتی حکام مقبوضہ کشمیر کو اپنی کالونی سمجھتے ہیں
سرینگر:کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے غیر قانونی اور غیر آئینی طور پر پورے مقبوضہ جموں و کشمیر کو ایک کھلی جیل اور فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی حکومت قابض فوج اور پولیس اہلکاروں کے ذریعے کالے قانون کا استعمال کرتے ہوئے کشمیر یوں کی حق پر مبنی جدوجہدآزادی کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے اور مظلوم کشمیری عوام کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے تاکہ انہیں خود ودہشت کانشانہ بناکر اطاعت پر مجبور کیا جا سکے۔
ترجمان نے سینئر حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کی گھر میں نظربندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اورمقبوضہ کشمیراسکی قابض انتظامیہ نے پورے مقبوضہ علاقے کو کھلی جیل اور فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں تقریباً دس لاکھ بھارتی فوجی اہلکاروں کی تعیناتی کی وجہ سے کشمیریوں کی جان، مال، عزت اور وقار محفوظ نہیں ہے۔
حریت ترجمان نے کہا کہ نئی دہلی اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ متنازعہ علاقے جموں و کشمیر کو اپنی کالونی سمجھ رہا ہے اور بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیریوں کو ان کے تمام بنیادی حقوق سے محروم کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر ی عوام کو انکے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت سے محروم کر دیا گیا ہے اور ان کے آئینی و جمہوری حقوق چھین لیے گئے ہیں۔ "جموں و کشمیر میں مایوسی اپنے عروج پر ہے۔ وادی کشمیر میں سیاسی اور اقتصادی سرگرمیاں مکمل طور پر مفلوج ہو چکی ہیں۔
انہوں نے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں پر زور دیا کہ وہ بھارت کو مقبوضہ علاقے میں اس کے مظالم کیلئے جوابدہ ٹھہرائیں اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے تنازعہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔KMS-Y






