چمکتے اشتہار، اٹھتے جنازے: بھارت سیاحوں کے لیے مقتل کیوں بن چکا ہے
نئی دہلی: ”انکریڈیبل انڈیا”نے ایک اور غیر ملکی مہمان کو تابوت میں رخصت کر دیا، 67سالہ جرمن شہری تھامس منٹن کی گلی سڑی لاش پیر کے روز کولکتہ کے علاقے ایسپلینیڈ کے ایک ہوٹل کے کمرے سے برآمد ہوئی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں کہاگیاہے کہ وہ 21نومبر کو کولکتہ پہنچے، طبیعت بگڑنے پر سیر ادھوری چھوڑ کر ہوٹل لوٹے اور 25نومبر کو برلن واپسی طے تھی۔ اب کولکتہ پولیس کی ہومیسائیڈ برانچ اس معمے کو سلجھانے میں لگی ہے اور سب کی نظریں پوسٹ مارٹم رپورٹ پر ہیں۔ شہر کے عین وسط میں واقع ہوٹل میں ایک مہمان کی لاش گلتی رہی اور کسی ایک ملازم کو بھی خبر تک نہ ہوئی، یہ کیسی مہمان نوازی ہے؟
یہ کوئی اتفاقی سانحہ نہیں بلکہ ایک تسلسل ہے جس سے بھارت مسلسل آنکھیں چرا رہا ہے۔
مارچ 2024میں جھارکھنڈ کے ضلع دمکا میں سات درندوں نے ایک ہسپانوی-برازیلی ٹریول ولاگر کو اس وقت اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا جب وہ اپنے شوہر کے ساتھ خیمے میں رات گزار رہی تھیں۔ مارچ 2025میں ہمپی میں ستاروں بھری ایک رات ایک اسرائیلی سیاح خاتون کے لیے ڈراونا خواب بن گئی جب انہیں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ اپریل 2025میں پہلگام میں مسلح افراد نے 26جانیں لے لیں جن میں ایک نیپالی شہری بھی شامل تھا اور یہ اسی وادی میں ہوا جس کے بارے میں نئی دہلی ”حالات معمول پر”ہونے کے بلند وبانگ دعوے کرتا رہا۔
بھارت سیاحت کی چکاچوند مہمات پر کروڑوں لٹاتا ہے، مگر سیاحوں کو بنیادی تحفظ، بروقت طبی امداد اور شفاف تحقیقات کی ضمانت تک نہیں دے پاتا۔ جب تک یہ روش نہیں بدلتی، بھارت کے سفر سے خبردار کرنے والی ہر ٹریول ایڈوائزری تعصب نہیں، سراسر عقل مندی ہے۔








