بھارت

”بی جے پی ”حکومت نے حلقہ بندی بل کی منظور ی دیدی ، لوک سبھا کی نشستوں میں 50فیصداضافے کی تجویز

مقبوضہ کشمیر کی بھارتی پارلیمنٹ میں نشستیں 5سے بڑھ کر 8ہونے کا امکان، حزب اختلاف کا بل پر سخت ردعمل

نئی دلی : وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں منعقدہ مرکزی کابینہ کے اجلاس میں نئے حلقہ بندی بل کی منظوری دے دی گئی ہے، جس میں لوک سبھا کی نشستوں میں 50 فیصد اضافے اور 2051 تک انتخابی حلقوں کے موجودہ ریاستی تناسب کو برقراررکھنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ یہ منظوری پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے دوبارہ انعقاد سے چند روز قبل سامنے آئی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق یہ نیا قانون 131 ویں آئینی ترمیمی بل کی منظوری کی راہ ہموار کرے گا، جو اس سے قبل 17 اپریل کو توسیع شدہ بجٹ اجلاس کی تین روزہ خصوصی نشست کے دوران لوک سبھا میں منظور نہیں ہو سکا تھا۔ اس بل کا مقصد حلقہ بندی کے عمل کو مقننہ ‘قانون ساز اداروں)میں خواتین کے لیے ایک تہائی ریزرویشن کے نفاذ سے منسلک کرنا تھا۔ "آئینی ترمیمی بل کو مرکزی کابینہ کے ایک خصوصی اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا گیا، جسے چند ترامیم کے ساتھ منظور کر لیا گیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ حلقہ بندی کے بعد لوک سبھا میں کسی بھی ریاست کا حصہ دیگر ریاستوں کے مقابلے میں کم نہ ہو۔”مودی حکومت پیر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے دوران اس بل کو منظور کرانے کا ارادہ رکھتی ہے ۔
دریں اثنا حزب اختلاف کے ”انڈیا” اتحاد، جو اس بل کی مخالفت کر رہا ہے، اپنی آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے اجلاس منعقد کرے گا۔ کانگریس نے حلقہ بندی سے متعلق قیاس آرائیوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے اتحادیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ "خواتین کے ریزرویشن کی آڑ میں حلقہ بندی مسلط کرنے کی بی جے پی کی کوشش” کی مخالفت کریں۔کانگریس کے ترجمان اور راجیہ سبھا کے رکن پون کھیڑا نے ‘ایکس’ پر لکھا کہ "آسام اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بی جے پی حکومت کی جانب سے کی گئی حلقہ بندی کی مشقیں ہر سیاسی جماعت کے لیے ایک سنگین انتباہ ہونی چاہئیں۔ ان سے ظاہر ہوتا ہے کہ کس طرح حلقہ بندی میں ہیرا پھیری کر کے سیاسی نمائندگی کو مسخ کیا جا سکتا ہے اور انتخابی نقشے کو حکمراں جماعت کے حق میں دوبارہ ترتیب دیا جا سکتا ہے۔انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ لوک سبھا کی کل نشستوں کی تعداد 543 پر برقرار رکھی جائے اور پارلیمانی نمائندگی کے موجودہ ریاست وار تناسب کو بھی منجمد رکھا جائے۔
کانگریس کے ایک اور سینئر رہنما اور رکنِ پارلیمنٹ جے رام رمیش نے بھی پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس پر تنقید کرتے ہوئے اسے نریندر مودی کی زیر قیادت والی مرکزی حکومت کے "کھیل” سے تعبیر کیا۔ انہوں نے ‘ایکس’ پر اپنی پوسٹ میں کہاکہ "یہ غیر معمولی اور قطعی ناقابلِ قبول بات ہے کہ لوک سبھا میں پیر 30 نومبر کو آئینی ترمیمی بل اور دیگر بلوں پر بحث مقرر ہے، لیکن جمعہ 27 نومبر کی شام 6 بجے تک یہ بل اراکینِ پارلیمنٹ کے ساتھ شیئر نہیں کیے گئے۔ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی جوڑی کے یہ کھیل بدستور جاری ہیں۔”
مودی حکومت اگر یہ بل پاس کرانے میں کامیاب ہوتی ہے تو اس اقدام سے بھارت کے غیر قانونی طور پر جموں و کشمیر کی نمائندگی موجودہ پانچ نشستوں سے بڑھ کر آٹھ ہونے کا امکان ہے۔اس وقت مقبوضہ جموں و کشمیر میں لوک سبھا کی پانچ نشستیں ہیں جن میں سے وادی کشمیر کے لیے دو ، جموں خطے کیلئے جبکہ ایک نشست میں دونوں خطوں کے درمیان مشترکہ ہے۔پانچ سے آٹھ نشستوں کے اضافے کے ساتھ، جموں و کشمیر خطوں کو چار چار نشستیں ملنے کا امکان ہے۔ تاہم بل میں واضح طور پر جموں و کشمیر کی نظرثانی شدہ اسمبلی کی تعداد، جموں خطہ اور وادی کشمیر کے درمیان اضافی حلقوں کی تقسیم کی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔   

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button