محمودساغر کی مقبوضہ جموں وکشمیرمیں سیاسی کارکنوں، علمائے دین کے خلاف کریک ڈان کی مذمت
اسلام آباد18ستمبر(کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی حکام کی طرف سے سیاسی کارکنوں اور علمائے دین کے خلاف تازہ ترین کریک ڈائون کی شدید مذمت کی ہے۔
محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں ممتاز حریت رہنما سرجان برکاتی ،مولانا عبدالرشید دائودی، مولانا مشتاق احمد ویری اور عبدالمجیدڈار المدنی سمیت دیگر علمائے دین کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں سیاسی آوازوں کو دبانے کے لیے کالے قوانین کا استعمال بھارت کاپرانا ہتھکنڈا ہے۔انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیاکہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں تیزی سے بگڑتی ہوئی سیاسی اور انسانی حقوق کی صورتحال پر فوری توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ مہذب دنیا اپنی خاموشی توڑ کر کشمیریوں کی مشکلات کو کم کرانے میں اپنا انتہائی ضروری کردار ادا کرے۔ محمودساغر نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل پر بھی زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا موثر نوٹس لے اور بھارت کو علاقے میں اختلاف رائے کے جمہوری حق کو دبانے کے لیے انسداد دہشت گردی قوانین کے استعمال سے روکے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی قیادت میں نسل پرست حکومت نے خطے میں اختلاف رائے کو دبانے کے لیے ظلم وستم کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔حریت رہنما نے کشمیری نظربندوں کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ اس معاملے کا سخت نوٹس لیں اور غیر قانونی طور پر نظر بند تمام حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی رہائی میں مدد کریں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما ﺅں اور دیگر بشمول محمد حسین خطیب، الطاف احمد بٹ ، سید منظور احمد شاہ ، مشتاق احمد زرگر ،محمود اختر قریشی یڈووکیٹ اورمحمد لطیف لون نے بھارتی انتظامیہ کی طرف سے محمد شریف سرتاج اورمولاناسرجان برکاتی سمیت متعدد علمائے کرام کی بدنام زمانہ کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتاری اور بیگناہ کشمیری نوجوانوں کے جعلی مقابلوں میں قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی ہندو توا حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتی۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ نہتے اور بیگناہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔