مقبوضہ جموں وکشمیر: سرکاری میڈیکل کالجوں کے غیر جریدہ ملازمین کا احتجاج 13ویں روز بھی جاری
''جی ایم سی'' راجوری میں خواتین ملازمین کی بھوک ہڑتال، صحت کی دیکھ بھال کی خدمات متاثر
سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حال ہی میں قائم ہونے والے پانچ سرکاری میڈیکل کالجز کے غیر جریدہ ملازمین کا احتجاج آج (ہفتہ) 13ویں دن میں داخل ہو گیا جبکہ گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی )راجوری کی خواتین ملازمین کی مطالبات کے حق میں بھوک ہڑتال جاری ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرکاری میڈیکل کالج کالجوں کے غیر جریدہ ملازمین بھرتی کے قوائد وضع کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ ملازمین کاکہنا ہے کہ انہیں تقریبا سات سال قبل نئے قائم ہونے والے میڈیکل کالجز میں بھرتی کیا گیا تھا، لیکن ان کی ملازمت کی شرائط اور کیریئر میں ترقی سے متعلق قواعد و ضوابط ابھی تک نہیں بنائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قواعد وضع کرنے میں طویل تاخیر نے ان کی ترقی کو خطرے میں ڈال دیا ہے اور ان کے پیشہ ورانہ مستقبل کو غیر یقینی بنا دیا ہے۔
احتجاج کی وجہ سے میڈیکل کالجز میں صحت کی دیکھ بھال کی خدمات شدیدمتاثر ہیں۔
دریں اثنا’ جی ایم سی’ راجوری کے غیر جریدہ عملے کی دو خواتین نے احتجاج کے ساتھ ساتھ بھوک ہڑتال بھی شروع کر رکھی ہے۔عملے کے بچے میں گزشتہ روز مظاہرے میں شامل ہوئے۔یہ دونوں خواتین ملازمین باری باری بھوک ہڑتال کر رہی ہیں۔







