آسام میں بے دخلی کی مہم: ہزاروں مسلمان خاندان بے گھر، غم و غصے کی لہر
اویسی دیگر رہنماں کی طرف سے انہدامی کارروائی کی مذمت
دیسپو: ریاست آسام میں بی جے پی حکومت کیطرف سے بے دخلی کی مہم کے نتیجے میں ہزاروں بنگالی بولنے والے مسلمان خاندان بے گھر ہو گئے ہیں اوروہ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ گھروں کے انہدام، روزگار کے ذرائع تباہ ہونے، سر چھپانے کے لیے ناکافی جگہ اور خوراک، صاف پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کی سہولیات کے فقدان نے بی جے پی حکومت کے خلاف شدید غم و غصے کو جنم دیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق دھوبری کے عالم گنج، لکھیم پور کے بوگی ندی اور بوربل، نیز ناگون، ہوجائی اور گولہ گھاٹ میں کی گئی بے دخلی کی کارروائیوں نے بہت سے خاندانوں کو عارضی اور کچے ٹھکانوں میں رہنے پر مجبور کر دیا ہے، جہاں وہ موسم کی بگڑتی ہوئی سختیوں کے درمیان زندہ رہنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔
بے گھر ہونے والے افراد کا کہنا ہے کہ وہ کھلی یا گیلی زمین پر، پھٹی ہوئی پلاسٹک کی شیٹوں کے نیچے سونے پر مجبور ہیں، اور ان کے پاس نہ تو خوراک ہے، نہ کمبل ہیں اور نہ ہی صاف پانی تک رسائی ہے۔ اس بے دخلی نے بچوں کی تعلیم کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔بے گھر ہونے والی ایک خاتون، شالیہا بی بی نے اپنے گھر کی تباہی کو ایک بہت بڑا صدمہ قرار دیتے ہوئے کہا: "اب ہم کہاں جائیں؟ ہم غریب لوگ ہیں، اور ہمارے گھر مسمار کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے ہمارے گھر اس لیے گرائے کیونکہ ہم مسلمان ہیں۔ایک اور خاتون نے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس کھانے کے لیے کچھ نہیں ہے ،ہمارے پاس ایک کمبل تک نہیں ہے،ایسی حالت میں کوئی انسان زندہ کیسے رہ سکتا ہے؟ متاثری کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کے گھر تو گرا دیے گئے، جبکہ آس پاس موجود دیگر برداریوں کے گھروں کو کچھ نہیں کہا گیا۔س
دریںاثنا آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم )کے صدر اسد الدین اویسی نے آسام میں بی جے پی حکومت کی جانب سے کی گئی ان بے دخلیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 8 لاکھ گھر مسمار کر دیے گئے، جس سے لوگ بے گھر ہو گئے، میں اس کی مذمت کرتا ہوں۔ انہوںنے کہا کہ آسام کے وزیر اعلی ٰ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ” اگر گھروں کو مسمار کرنے سے آپ کا دل مطمئن ہوتا ہے، تو اس کا مطلب ہے کہ آپ اپنی انسانیت کھو چکے ہیں”۔
کشن گنج کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر محمد جاوید نے بھی مسماری کارروائیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مسلم خاندانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے آسام کے علاقے لوتوماری میں بے دخلی کی ایک کارروائی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں 177 مسلم خاندان اپنے گھروں سے محروم ہو گئے، جبکہ اسی علاقے میں رہنے والے 123 ہندو خاندان محفوظ رہے۔300 خاندانوں میں سے صرف مسلمانوں کو ہی گھروں کی مسماری کا سامنا کرنا پڑا۔ اس طرح کی امتیازی بے دخلی کو کیسے جائز قرار دیا جا سکتا ہے؟۔
ڈاکٹر جاوید نے کہا کہ بے گھر ہونے والے مسلم خاندانوں کو پینے کا صاف پانی بھی میسر نہیں ہے؛ بچے دریا کا گندا پانی پینے پر مجبور ہیں ۔ ایک اور پوسٹ میں، انہوں نے ان خاندانوں کی تکلیف کو بیان کیا جو ان گھروں کے ملبے کے درمیان کھڑے تھے جنہیں تعمیر کرنے میں انہوں نے برسوں لگائے تھے۔
کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ ) کے رہنما پنارائی وجین نے مسلم خاندانوں کی بڑے پیمانے پر بے دخلی کے لیے بی جے پی حکومتوں کی فرقہ وارانہ سیاست کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ انہوں نے کہا کہ” آسام میں بنگالی بولنے والے اقلیتی خاندانوں کی بڑے پیمانے پر بے دخلی، بی جے پی حکومت کی سیاست کے فرقہ وارانہ کردار کو بے نقاب کرتی ہے۔ ہزاروں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں، مساجد مسمار کر دی گئی ہیں اور لوگوں کے روزگار تباہ ہو گئے ہیں، جبکہ وزیر اعلی کھلے عام ان اقدامات کا جشن منا رہے ہیں۔ کسی بھی حکومت کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ لوگوں کو ان کی مذہبی شناخت کی بنیاد پر وقار اور تحفظ سے محروم کرے۔”۔







