نئے حلقہ بندی بل سے بھارت میں ہمیشہ کے لئے فسطائیت کی راہ ہموار ہوگی : ارون دھتی رائے
اس کا مقصد ذات، مذہب اور برادری کی تقسیم کو مستحکم کرنے کے لیے انتخابی حلقوں کی تشکیل نو ہے
نئی دہلی : عالمی شہرت یافتہ بھارتی مصنفہ ارون دھتی رائے نے بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کے نئے مجوزہ حلقہ بندی بل پر شدید تنقید کرتے ہوئے خبردارکیاہے کہ اس بل سے بھارت میں ہمیشہ کے لئے فسطائیت کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ارون دھتی رائے نے نئی دہلی کے جواہر بھون میں ادیبوں، فنکاروں اور ثقافتی شعبے سے وابستہ افراد کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مجوزہ حلقہ بندی ذات، مذہب اور برادری کی بنیاد پر حلقوں کی ازسرنو تشکیل کے ذریعے جمہوریت کو کمزور کرے گی۔انہوں نے آسام اور کشمیر میں تبدیل شدہ انتخابی حلقوں کو بی جے پی کے سیاسی کنٹرول کو مستحکم کرنے کے منصوبے کا ثبوت قرار دیا۔انہوں نے اسے ہمیشہ کے لئے فسطائیت مسلط کرنے کا طویل المدتی منصوبہ قرار د یتے ہوئے خبردار کیا کہ یہ بل جمہوریت کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے۔ ان کا یہ بیان بھارتی کابینہ کی جانب سے جمعہ کو نئے حلقہ بندی بل کی منظوری کے بعد سامنے آیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق مجوزہ بل میں تمام ریاستوں میں بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں” لوک سبھا ”کی نشستوں میں 50فیصد اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ 1971 کی مردم شماری کی بنیاد پر 2051 تک ریاستوں کا موجودہ نسبتی حصہ برقرار رکھنے کی تجویز بھی شامل ہے۔ارون دھتی رائے نے کہاکہ یہ حلقہ بندی جمہوریت کی کمر توڑ دے گی۔ انہیں آپ کوبے وقوف بنانے کی اجازت نہ دیں کہ یہ محض حلقوں اور ارکان پارلیمنٹ کی تعداد بڑھانے کا معاملہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ بھی نہ سمجھیں کہ خواتین کا بل خواتین کے حقوق سے متعلق ہے۔ اس کا مقصد ذات، مذہب اور برادری کی تقسیم کو مستحکم کرنے کے لیے انتخابی حلقوں کا نقشہ ازسرنو مرتب کرنا ہے۔مودی حکومت نے 30نومبر سے پارلیمنٹ کا چار روزہ خصوصی اجلاس طلب کیا ہے۔اس دوران حکومت 2029 کے پارلیمانی انتخابات سے قبل لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے 33فیصد نشستیں مختص کرنے کے مقصد سے تین بل پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔مجوزہ قانون سازی میں ہر ریاست کی نشستوں کی تعداد میں 50فیصد اضافے کی تجویز شامل ہے۔
جمہوری زوال کے خطرے سے خبردار
ارون دھتی رائے نے بھارت کی موجودہ سیاسی صورتحال کو جمہوری فسطائیت قرار دیا۔ ان کے مطابق فاشسٹ جمہوریت کے مفہوم کو قتل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا اگر آپ کو ان کے ارادوں پر کوئی شک ہے تو آسام اور کشمیر میں ازسرنو مرتب کیے گئے انتخابی حلقوں کا مطالعہ کریں۔ یہ فاشزم کو مستحکم کرنے کا معاملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جرمنی کے نازی فاشسٹ خود کو قومی سوشلسٹ کہتے تھے۔ اس طرح انہوں نے سوشلزم کے مفہوم کو قتل کردیا۔
رائے نے ان ادیبوں اور فنکاروں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جو حکومتی سرپرستی میں ہونے والے ثقافتی میلوں میں شرکت کرکے اپنی عزت نفس پر سمجھوتہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا کے غیرمساوی معاشروں میں سے ایک ہے جہاں قانون کی حکمرانی کا اطلاق کسی شخص کی ذات، طبقے، مذہب اور نسلی شناخت کے مطابق مختلف انداز میں ہوتا ہے۔
نگرانی اور جبر
ارون دھتی رائے نے بھارتی حکومت کی جانب سے نگرانی کی ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی تنقید کی۔انہوں نے کہا کہ حکومت اسرائیل سے سافٹ ویئر حاصل کر رہی ہے۔ ان کے مطابق اسرائیل غزہ میں نسل کشی جاری رکھے ہوئے ہے۔اب مودی حکومت بھارت میں نوجوان مظاہرین کے خلاف بھی ایسی ٹیکنالوجی استعمال کر رہی ہے۔رائے نے کہاکہ ہماری حکومت یہ ٹیکنالوجی درآمد کرکے ہمارے خلاف غیرقانونی طور پر استعمال کر رہی ہے۔ اس نے کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاجی مظاہروں کے دوران چہرے کی شناخت کی ٹیکنالوجی استعمال کی۔
ارون دھتی رائے نے خبردار کیا کہ حکومت جس پیمانے پر جبر کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، وہ ناقابل یقین ہے۔انہوں نے کہا کہ حلقہ بندی بل حکومت کی جانب سے کنٹرول مزید سخت کرنے کی وسیع تر کوششوں کو منظم اور مستحکم کرنے کے لیے لایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ ہمیشہ کے لئے فسطائیت قائم کرنے کا ایک طویل المدتی منصوبہ ہے۔
حلقہ بندی کو سابقہ حکومتی اقدامات سے تشبیہ
ارون دھتی رائے نے مجوزہ حلقہ بندی کے عمل کو بھارت کے عوام کو اچانک گھیرنے کی حکومت کی سابقہ کوششوں سے تشبیہ دی۔انہوں نے 2016 میں نوٹ بندی، 2019 میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی اور 2020 میں صرف چار گھنٹے کے نوٹس پر ملک گیر لاک ڈاون کے اعلان کا حوالہ دیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا خیال ہے کہ اس نے دباو اور مراعات کے ذریعے کافی ارکان پارلیمنٹ کی حمایت حاصل کرلی ہے۔ اس طرح وہ حلقہ بندی اور خواتین کی مخصوص نشستوں سے متعلق بل منظور کروا سکتی ہے۔رائے نے کہا اگر یہ بل پارلیمنٹ سے منظور ہوگیا تو حلقہ بندی جمہوریت کے ساتھ وہی کرے گی جو نوٹ بندی نے معیشت کے ساتھ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی نے بھارت کے غریبوں کو شدید نقصان پہنچایا۔ اس کے نتیجے میں بہت سے لوگ حکومتی امداد پر انحصار کرنے پر مجبور ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی اور انتخابی بانڈز نے بی جے پی کو دنیا کی امیر ترین سیاسی جماعت بنانے میں مدد دی۔ارون دھتی رائے نے کہا کہ حکمران جماعت نے اپنے مالی وسائل اور اثرورسوخ کے ذریعے ان اداروں پر قبضہ کیا ہے جن کا مقصد فعال جمہوریت میں اختیارات پر نگرانی اور توازن برقرار رکھنا ہوتا ہے۔







