بھارت :آسام میں مسلمان خاندانوں کی بے دخلی کو دستاویزی شکل دینے والا کارکن آصف مجتبیٰ گرفتار
نئی دہلی: بی جے پی کے زیر اقتدار بھارتی ریاست آسام میں پولیس نے سماجی کارکن اور غیر منافع بخش تنظیم مائل ٹو سمائل (Mile2Smile)کے بانی و ڈائریکٹر آصف مجتبیٰ کو گرفتارکر لیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وہ ریاست میں بنگالی زبان بولنے والے مسلمان خاندانوں کی بے دخلی کی کارروائیوں کوریکارڈ کرنے کے لیے جا رہے تھے۔ آصف مجتبی نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ انہیں ضلع لکھیم پور کے ایک مقامی پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا ہے۔
مجتبیٰ اپنی تنظیم کی سرگرمیوں کے سلسلے میں آسام گئے تھے۔ ان کا مقصد مسلمانوں کے خلاف مبینہ انہدامی کارروائیوں، بے دخلیوں اور ملک بدری کے واقعات کو دستاویزی شکل دینا تھا۔ اطلاعات کے مطابق مکانات مسمار کیے جانے کے بعد بنگالی زبان بولنے والے ہزاروں مسلمان خاندان بے گھر ہو چکے ہیں۔
مائل ٹو سمائل تشدد سے متاثرہ افراد کو امداد فراہم کرنے کے لیے کام کرتی ہے۔آصف مجتبیٰ متاثرہ مسلم آبادیوں کی زمینی صورتحال اور بے دخلی کی کارروائیوں کے اثرات کو ریکارڈ کر رہے تھے۔ان کی گرفتاری کے بارے میںپولیس کا موقف ابھی تک سامنے نہیں آیا۔







