بھارت نوآبادیاتی دور سے بھی بدتر عدم مساوات سے گزر رہا ہے: ماہرِ معاشیات جیتی گھوش
سینٹر آف انڈین ٹریڈ یونینزکے رہنمائوں کا یکم دسمبر کو پارلیمنٹ تک مارچ کرنے کا اعلان
نئی دہلی: بھارت کی ماہر معاشیات جیتی گھوش نے کہا ہے کہ ملک اس وقت عدم مساوات کی ایمرجنسی سے گزر رہا ہے اور صورتحال نوآبادیاتی دور سے بھی بدتر ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطاق جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے سینٹر فار اکنامک اسٹڈیز اینڈ پلاننگ کی سابق پروفیسر جیتی گھوش نے نئی دہلی میں سینٹر آف انڈین ٹریڈ یونینز (سیٹو)کے رہنمائوں کے ساتھ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزدوروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکیا ۔ انہوںنے کہا کہ معاشی پالیسیوں نے ہر جگہ امیروں کو فائدہ پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم حقیقی اجرت میں نمایاں گراوٹ کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ بھارت کو اپنے عوامی اثاثے دوبارہ اپنے کنٹرول میں لینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہابھارت کو ایک تحریک کی ضرورت ہے کیونکہ مٹھی بھر سرمایہ داروں کا حکومت پر کنٹرول ہے۔
دہلی یونیورسٹی کے شعبہ تاریخ کے سابق پروفیسر پربھو مہاپاترا نے تحریک آزادی میں محنت کش طبقے کی جدوجہد اور قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ محنت کش طبقے کی ہر بڑی تحریک کو نوآبادیاتی حکومت نے جبر کے ذریعے کچلنے کی کوشش کی، جبکہ محض چند مزدور قوانین کے ذریعے انہیں تھوڑی بہت راحت مل سکی تھی۔
اس موقع پر سیٹو نے یکم دسمبر کو پارلیمنٹ تک مارچ کرنے کا اعلان کیا۔ اس مارچ میں ایک لاکھ سے زیادہ مزدوروں کے شامل ہونے کی امید ہے، جن میں 50ہزار سے زائد خواتین مزدور ہوں گی۔ ان کے اہم مطالبات میں 21ہزار روپے کی یونیورسل پنشن، 42 ہزار روپے کم از کم اجرت اور انتہائی امیر خاندانوں پر ٹیکس لگانے سمیت دیگر مطالبات شامل ہیں۔
پریس کانفرنس وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے خطاب کے تناظر میں بھی منعقد کی گئی تھی۔ اس خطاب میں مودی نے تسلیم کیا تھا کہ ایز آف ڈوئنگ بزنس کو فروغ دینے کے لیے حکومت کی جانب سے متعدد رعایتیں دیے جانے کے باوجود بھارتی صنعتکاروں اور کارپوریٹ شعبے نے نہ تو روزگار کے مواقع میں اضافہ کیا اور نہ ہی اجرتوں میں اضافہ کیا۔
پارلیمنٹ مارچ کا مقصد چار لیبر قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کرنا بھی ہے۔ ان ضابطوں کو نافذ کرنے کے لیے قواعد کا نوٹیفکیشن 8 مئی 2026 کو جاری کیا گیا تھا۔ سیٹو کا کہنا ہے کہ ان ضابطوں کا مقصد مزدوروں کے حقوق اور سہولتوں کی فراہمی کے معاملے میں آجروں کی قانونی جوابدہی کو آسان بنانا ہے۔ ساتھ ہی یہ مزدوروں کے ہڑتال کرنے کے حق اور یونین بنانے کے بنیادی حق کو بھی ختم کرتے ہیں۔ اس طرح یہ مزدوروں سے وہ بنیادی حق چھین لیتے ہیں جس کے ذریعے وہ کارپوریٹ دنیا کے نہ ختم ہونے والے لالچ کے خلاف اپنا دفاع کر سکتے ہیں۔
سو سے زیادہ دانشوروں نے سیٹو کے پارلیمنٹ مارچ کے تئیں یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ حمایت کرنے والوں میں ممتاز ماہرین تعلیم، سابق وائس چانسلر، سائنسداں، فلمساز، مصنفین اور حقوق انسانی کے سرکردہ کارکن شامل ہیں۔دستخط کرنے والوں میں پروفیسر پربھات پٹنائک، پروفیسر جیتی گھوش، ڈاکٹر بدری رینا، پروفیسر پربھو مہاپاترا، ارونا رائے، پروفیسر پوتر سرکار، پروفیسر اتسا پٹنائک، پروفیسر سی پی چندر شیکھر، پروفیسر ہربنس مکھیا، پروفیسر منورنجن موہنتی، پروفیسر روپ ریکھا ورما، پروفیسر مالنی بھٹاچاریہ، پروفیسر تنیکا سرکار، پامیلہ فلپوز، پروفیسر پارتھ سین، پروفیسر وی کے رام چندرن، پروفیسر اچن وینائک، پروفیسر نویدیتا مینن، امو ابراہیم، پروفیسر رویندرن گوپی ناتھ، پروفیسر امر فاروقی، پروفیسر ارون کمار، پروفیسر این وی ورگیز، تریشت رائے، پروفیسر امرتیہ مکھرجی، ابھیجیت چودھری، کملیشور مکھرجی، اشوکن چاروویل، نیموم پشپ راج، پروفیسر آر رام کمار، ایڈوکیٹ گایتری سنگھ، انیکیت عالم، سوپن چکرورتی، پروفیسر شیامل چکرورتی، منداکرانتا سین، ارون سنگھ، انندیتا سروادھیکاری، بادشاہ موئترا ،اور بکاش بھٹاچاریہ اور دیگر افراد شامل ہیں۔








