بھارت

حل بندی جیسے بل کو متعارف کرانا بھارت کی بنیادوں کو بدلنے کا بی جے پی کا نیا طریقہ ہے: راہول گاندھی

بی جے پی بھارت کو آمریت کی طرف دھکیل رہی ہے لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے

نئی دہلی:بھارت میں کانگریس کے سینئر رہنما اورپارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے کہاہے کہ حل بندی جیسے بل کو متعارف کرانا ملک کی بنیادوں کو بدلنے کا بی جے پی کا نیا طریقہ ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہول گاندھی نے ہفتہ کو نئی دہلی میں انڈیااتحاد کے اہم رہنمائوں کی میٹنگ کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مودی حکومت اور الیکشن کمیشن پر شدید تنقید کی۔راہول گاندھی نے ملک کی نوجوان نسل جین زی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ 850لوک سبھا سیٹیں بھارتی جمہوریت کے قتل کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بل کا اصل مقصد وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو ایک”خالی کینوس”دینا ہے تاکہ بھارت کے انتخابی نقشے کو ان کی اپنی مرضی کے مطابق بنایا جا سکے۔
انہوں نے آسام اور جموں و کشمیر کی حد بندی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت کے پاس کھیلنے کے لیے 850سیٹیں ہوں تو وہ اپنی سہولت کے مطابق انتخابی نقشہ بدل دیں گے، ان کی مخالفت کرنے والی برادریوں کی نمائندگی کو کمزور کریں گے اور منتخب اپوزیشن لیڈروں کو نشانہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظام بی جے پی کو ایک بھی ووٹ ڈالنے سے پہلے ہی بڑا فائدہ دے گا۔راہول گاندھی نے کہا کہ مسئلہ ریاستوں کے حصے کا نہیں ہے، بلکہ بی جے پی کو بھارتی جمہوریت کی بنیادوں کو دوبارہ بنانے، جمہوریت کو تباہ کرنے اور بھارت کے لوگوں کو لوٹنے کے لیے آزاد ہاتھ دینے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی بھارت کو آمریت کی طرف دھکیل رہی ہے، اور ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
راہول گاندھی نے کہا کہ 2024کے انتخابات غیر قانونی تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خیال ختم ہو گیا ہے کہ بی جے پی انتخابات میں دھاندلی کر سکتی ہے۔ گاندھی نے کہا کہ اب انہوں نے فرار ہونے کا ایک نیا راستہ نکالا ہے۔ ہم نے مودی، شاہ، اور گیانیش کمار کو گھیر لیا ہے، اور یہ تینوں ایک نیا آئیڈیا لے کر آئے ہیں۔ ان کا مقصد اپنے لیے ایک نیا راستہ کھولنا ہے۔
حد بندی کمیشن کی تشکیل کے بارے میں راہل گاندھی نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر قبضہ ہو چکا ہے اور اب حد بندی کمیشن پر قبضہ کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ پوری اسکیم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے بنائی گئی ہے کہ اڈانی، مودی، شاہ اور گیایش کمار اس ملک کو لوٹتے رہیں۔
راہل گاندھی نے کہا کہ حد بندی کا فیصلہ گیانیش کمار کریں گے، ان کے ساتھ سپریم کورٹ کے ایک سابق جج کا انتخاب کریں گے جنہیں مودی اور شاہ نے منتخب کیا ہے، جبکہ حد بندی کمیشن کے تیسرے رکن کا انتخاب خود گیانیش کمار کریں گے۔ سب سے تشویشناک بات یہ ہے کہ ان کے فیصلوں کو عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔
راہل گاندھی نے کہا کہ اس مسئلہ کا ایک اور بڑا پہلو سماجی انصاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذات کی مردم شماری کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ 2027کی مردم شماری سے ایسے تلخ حقائق سامنے آئیں گے جو بی جے پی کو پسند نہیں ہیں۔انہوں نے دعوی کیا کہ اگلے 40 سالوں تک سماجی انصاف کو بھول جائیں، کیونکہ درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کے حقوق کمزور ہوں گے اور اقلیتوں کو بے اختیار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی ایس ٹی کی آبادی بڑھے گی، لیکن ان کی سیٹیں نہیں بڑھیں گی۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button