کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنے پر کورین کمپنی ”ہیونڈائی “کو بھارت میں شدید ردعمل کا سامنا
اسلام آباد08 فروری (کے ایم ایس) جنوبی کوریا کی آٹوموبائل کمپنی” ہیونڈائی “کے پاکستانی پارٹنر کی طرف سے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے پرکمپنی کو بھارت میں شدید ردعمل کا سامنا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پر فیس بک پریہ پوسٹ پاکستان کے نشاط گروپ نے کیا تھاجو ملک کاسب سے بڑے کاروباری ادارہ ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے آج ایک بیان میں کہا کہ بھارت میں جنوبی کوریا کے سفیر کو طلب کیاگیا ہے تاکہ کشمیر پر ہنڈائی موٹر کے پاکستانی پارٹنر کی سوشل میڈیا پوسٹ پر احتجاج کیا جائے۔باغچی نے کہاکہ یہ معاملہ بھارت کی علاقائی سالمیت سے متعلق ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ کمپنی ان مسائل کو حل کرنے کے لیے مناسب کارروائی کرے گی۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت اور جنوبی کوریا کے وزرائے خارجہ نے ٹیلی فون پر بھی بات کی کیونکہ کمپنی کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے والے بیان پربھارت میںناراض صارفین کی طرف سے ردعمل کا سامنا ہے۔بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ چنگ ایوئی یونگ نے بھارتی ہم منصب سبرامنیم جے شنکر سے بات چیت کے دوران افسوس کا اظہار کیا۔