مقبوضہ جموں و کشمیر

افضل گرو اور دیگر کشمیری شہداءکو شاندار خراج عقیدت پیش


سرینگر09 فروری (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں نے کشمیری سرزمین کے نامور فرزند محمد افضل گورو کو آج ان کی شہادت کی 9ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداکشمیر کے اصل ہیرو ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت نے 2013 میں آج ہی کے دن ہی محمد افضل گورو کو نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دی تھی اور ممتاز آزادی پسند رہنما محمد مقبول بٹ کو 11 فروری 1984 کو اسی جیل میں تختہ دار پر چڑھا دیا تھا۔افضل گورو اور مقبول بٹ کے جسد خاکی جیل کے احاطے میں سپرد خاک کر دیے گئے تھے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں سید بشیر اندرابی اور خواجہ فردوس نے سری نگر میں جاری اپنے مشترکہ بیان میں محمد افضل گورو اور محمد مقبول بٹ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اپنے شہداءکے مشن کو ہر قیمت پر منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران کشمیری عوام نے بھارت کے ناجائز قبضے سے آزادی کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر ایک حقیقت ہے اور اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہی حل کیا جانا چاہیے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما بلال احمد صدیقی نے اپنے بیان میں کہا کہ افضل گورو کشمیر کی سرزمین کے سچے فرزند تھے جنہوں نے آزادی کے مقدس مقصد کے لیے اپنی قیمتی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عظیم لوگ قوموں کا حقیقی اثاثہ ہوتے ہیں جو اپنے عزم وستقامت سے نسلوں کو متاثر کرتے ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماو¿ں خادم حسین اور سید سبط شبیر قمی نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ آزادی کا جذبہ رکھنے والے نوجوان محمد افضل گورو نے تختہ دار کو چومنے کو ترجیح دی لیکن بھارتی ظلم کے سامنے سر نہیں جھکایا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی سپریم کورٹ کا افضل گورو کو سزائے موت دینے کا فیصلہ انصاف کے اس اعلیٰ ادارے پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ افضل گورو اور دیگر لاکھوں کشمیری شہداکی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور کشمیری جلد بھارتی تسلط سے نجات حاصل کر لیں گے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما حکیم عبدالرشید نے محمد افضل گورو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ انہیں بھارتی عوام کے اجتماعی ضمیر کو مطمئن کرنے کے لیے پھانسی دی گئی۔ انہوں نے شہداءکی قربانیوں کو رائیگاں نہ جانے دینے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنماﺅں عبدالمجید ملک، قاضی عمران اور خالد شبیر نے اسلام آباد میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ محمد افضل گورو اور محمد مقبول بٹ کشمیر کی جاری تحریک آزادی کے ہیرو ہیں۔ انہوں نے ان عظیم ہیروز کو سلام پیش کرتے ہوئے جموں وکشمیر کی غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی تک شہداءکے مشن کو جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button