دارالخیر میرواعظ منزل کی طرف سے سرینگر میں آ تشزدگی کے متاثرین میں امدادی سامان تقسیم
سرینگر16 اپریل (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںدارالخیر میرواعظ منزل سرینگر نے گزشتہ ہفتے گتہ کالونی نورباغ سرینگر میں آ تشزدگی کے ایک واقعے میں دو درجن سے زائد مکانات کے خاکستر ہونے اور کروڑوں کی املاک کو نقصان پہنچنے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور ان کی فوری بحالی اور باز آبادکاری کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق دارالخیر میرواعظ منزل کا ایک وفد ادارے کے رکن مفتی غلام رسول سامون کی سربراہی میں گتہ کالونی نورباغ گیااور متاثرہ خاندانوں میں اشیائے خوردو نوش کے علاوہ کمبل اور کچن سامان سمیت بنیادی ضرورت کی چیزیں تقسیم کیں۔ وفد نے متاثرین سے دارالخیر کے سرپرست میرواعظ عمر فاروق کی جانب سے بھرپور ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ دارالخیر میرواعظ منزل نے اہل ثروت حضرات سے ماضی کی طرح اس ملی ادارے کی ہر ممکن مدد اور معاونت کی اپیل دہرائی ہے تاکہ امدادی کام جاری رکھا جاسکے۔