دیویندر سنگھ کا مسرت عالم بٹ اوردیگر مراحمتی رہنماﺅں کی مسلسل نظربندی پراظہار تشویش
جموں 12 ستمبر (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پر بھارتی کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں حریت رہنما اور جموں و کشمیر سوشل پیس فورم کے چیئرمین ایڈوکیٹ دیویندرسنگھ بہل نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ اوردیگر مراحمتی رہنماﺅں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق دیویندر سنگھ نے جموں میں جاری ایک بیان کہا کہ قابض حکام نے حریت چیئرمین کومختلف جھوٹے اور من گھڑت مقدمات میں پھنسایا ہے تاکہ انہیں حق خودارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد سے روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر مقدمات میں وہ بری ہوچکے ہیں اورچند مقدمات میںقابض حکام تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں جو مقدمے کی فوری سماعت کے عالمی اصول کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسرت عالم بٹ مقبوضہ جموںوکشمیرکے سب سے مقبول مزاحمتی رہنما ہیں اور بھارت ان کی نظربندی کو طول دے کر انہیں جدوجہد آزادی کی قیادت سے روک نہیں سکتا۔ دیویندر سنگھ نے پاکستان پر زوردیاکہ وہ مسرت عالم بٹ کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کا معاملہ ترجیحی بنیادوں پر بین الاقوامی برادری بالخصوص اسلامی تعاون تنظیم میں اٹھائے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیے کہ حریت چیئرمین اور دیگر مزاحمتی رہنماو¿ں کی مسلسل نظربندی سے مقبوضہ جموںوکشمیر کے عوام اپنی جدوجہد ترک نہیں کریں گے بلکہ پورے جوش وجذبے کے ساتھ اس کو اپنے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے۔