حریت کانفرنس کا کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی تحقیقات جنگی جرائم ٹریبونل سے کرانے کا مطالبہ
سرینگر14اکتوبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل ، جبری گرفتاریوں،ظلم وتشدد، لوٹ مار اوردیگر جرائم کی تحقیقات بین الاقوامی جنگی جرائم ٹریبونل سے کرانے پر زوردیا ہے ۔
حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی ظلم و بربریت کاسخت نوٹس لے اور بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کاقتل عام بند کرائے اوراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کرنے میں مدد دے۔انہوں نے آزاد ی پسند کشمیری عوام سے دوبارہ پرزور اپیل کی کہ وہ بڑے پیمانے پر قتل عام ،جبری گرفتاریوں، مسلمان ملازمین کی ملازمتوں سے برطرفی اورغیر قانونی طورپر نظر بند حریت رہنمائوں اور کارکنوں کے خلاف جھوٹے اور بے بنیادمقدمات کے اندراج کے خلاف احتجاج کیلئے کل جمعہ کومکمل ہڑتال اور سول کرفیو نافذ کریں اور شام7 سے رات 9 بجے تک مکمل بلیک آئوٹ کریں ۔ حریت ترجمان نے کشمیری تارکین وطن سے بھی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم کے خلاف کل شام7 سے رات 9 بجے تک مکمل بلیک آئوٹ کرنے اور احتجاجی ریلیاں نکالنے کی اپیل کی ہے ۔