مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ جموں وکشمیر میں مودی کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے اتحاد و اتفاق ناگزیر ہے، نعیم خان

نئی دہلی 30 اپریل (کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظر بندرہنما نعیم احمد خان نے نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کے کشمیریوں کے خلاف سیاسی اور ثقافتی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نسل پرست حکومت کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے حریت کانفرنس کی صفوںمیںاتحادو اتفاق ناگزیر ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نعیم احمد خان نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں کہا کہ بی جے پی کی کشمیر کے بارے میں دشمنانہ پالیسی اس کے نسلی تعصب، اسلامو فوبیا اور بھارت کو ہندو راشٹر میں تبدیل کرنے کے جنوں کا شاخسانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ باجماعت نماز کے انعقاد پر پابندی اور لوگوں کو مساجد میں شب قدر کی ادائیگی سے روکنا بی جے پی کے تعصب اور اسلام کے بارے میں امتیازی سلوک کا واضح مظہر ہے۔ انہوں نے ایسی کارروائیوں کو کشمیری مسلمانوں کے دینی معاملات کی خلاف ورزی قرار دیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما نے کہا کہ عبادت گاہوں کو بند کرنے اور عبادت گزاروں کو مذہبی اجتماعات میں شرکت سے روکنے کی اقدامات اسی پالیسی کے مترادف ہے جو اسرائیل نے فلسطین میں مسلمانوں کے خلاف اپنا رکھی ہے۔انہوںنے کہا کہ مودی کی نسل پرست حکومت کشمیر کو فلسطین میں تبدیل کرنے پر تلی ہوئی ہے۔نعیم احمد خان نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے اتحاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی سیاسی، ثقافتی اور مذہبی شناخت کو مٹانے کے لیے بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے اتحاد اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف بھارتی حکومت کشمیریوں کی شناخت کو مٹانے پر تلی ہوئی ہے تو دوسری طرف سول سوسائٹی، ماہرین تعلیم، صحافیوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کے خلاف بھی مذموم کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیری نوجوانوں کے بڑے پیمانے پر قتل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو یہ حقیقت یاد رکھنی چاہئے کہ حق پر مبنی آزادی کی تحریکوں کو فوجی طاقت کے استعمال سے دبایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ جلد یا بدیر بھارت کو کشمیر چھوڑنا پڑے گا کیونکہ وہ کشمیریوں کو زیادہ دیر تک یرغمال نہیں رکھ سکتا۔
دریں اثنا، نعیم خان نے عیدالفطر کے پر مسرت موقع پر امت مسلمہ بالخصوص مقبوضہ جموںوکشمیر کے مسلمانوں کو پیشگی مبارکباددیتے ہوئے کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ مذہبی تہوار مناتے ہوئے کفایت شعاری اور حقیقی اسلامی اقدار کے اعلیٰ جذبوں کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ عید الفطر ہمیں اپنے معاشرے کے بے سہارا اور ضرورت مندوں کے ساتھ خوشی کے لمحات بانٹنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتی ہے۔نعیم احمد خان نے مخیر حضرات پر زور دیتے ہوئے کہ وہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کے متاثرین کی بہتری کے لیے دل کھول کر حصہ ڈالیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button