محمد یاسین ملک دہلی کی عدالت میں پیش
نئی دہلی10مئی (کے ایم ایس)نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں غیر قانونی طورپر نظربندجموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو منگل کو دہلی کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایک عدالتی بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ محمد یاسین ملک نے عدالت کو بتایا کہ وہ اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کا دفاع نہیں کر رہے ہیں۔خصوصی جج پروین سنگھ 19مئی کو یاسین ملک کے خلاف قائم کئے گئے جھوٹے مقدمے کی سماعت کریں گے ۔ ان پر لگائے گئے الزامات کی زیادہ سے زیادہ سزا عمر قیدہوسکتی ہے۔
دریں اثنا ء عدالت نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، نائب چیئرمین شبیر احمد شاہ، آفتاب احمد شاہ، الطاف احمد شاہ، نعیم احمد خان، محمد اکبر کھانڈے، راجہ معراج الدین کلوال، پیر سیف اللہ، فاروق احمد ڈار اور، ظہور احمد وٹالی سمیت دیگر کشمیری رہنمائوں پر باقاعدہ فرد جرم عائد کردی ہے۔