مقبوضہ جموں و کشمیر

اقوام متحدہ اور او آئی سی بی جے پی کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے ضروری اقدامات کرے ، فارو ق رحمانی

اسلام آباد 06جون(کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمد فاروق رحمانی نے بی جے پی لیڈروں کے نبی کریم ۖ کی شان اقدس میں توہین آمیز اور گستاخانہ بیانات کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں اس سلسلے میں بھارتی ہندوتوا لیڈروں کے خلاف سعودی عرب، پاکستان ،قطر ، کویت اور دیگر اسلامی ممالک کی جانب سے شدید ردعمل کو سراہا اور اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت میں بی جے پی کے اسلامو فوبیا کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔
ادھرپاسبان حریت جموں وکشمیر کے زیراہتمام آج مظفرآباد میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی لیڈروں کی طرف سے حضور نبی اکرم ۖکے بارے میں توہین آمیز کلمات کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔بڑی تعداد میں لوگوں نے اولڈ سیکرٹریٹ کے باہر جمع ہوکربرہان وانی چوک تک احتجاجی مارچ کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما اور میڈیا ہیڈ نوین کمار جندال کے خلاف شدید نعرہ بازی کی ۔ مقررین نے کہا کہ بھارت میں مودی کی زیرقیادت بی جے پی حکومت ایک منظم سازش کے تحت اسلام اور مسلمانوں کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں مصروف ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیاکہ بھارت میں ہندو انتہا پسندکھلے عام مسلمانوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں اور ان پر حملے کر رہے ہیں اور مساجد اور مدارس کو تباہ کیاجارہا ہے ۔مقررین نے عرب ممالک کی طرف سے بھارت کے با ئیکاٹ کی مہم کاخیرمقدم کرتے ہوئے پوری اسلامی دنیا سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کا سفارتی بائیکاٹ کرے۔مقررین میں پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، حافظ بلال احمد فاروقی، سید حمزہ شاہین، عثمان علی ہاشم،عبدالحمید لون اور دیگر شامل تھے ۔
دریں اثناء ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی نے سرینگر میں چیئرمین ایڈوکیٹ نذیر احمد رونگا کی صدارت میں ایک اجلاس میں ہندو انتہا پسند لیڈروں کے مسلسل اشتعال انگیز اور گستاخانہ بیانات پر شدید تشویش کا اظہار کیا جس کا مقصد فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مذہبی بھائی چارے کو نقصان پہنچانا ہے۔اجلاس میں واضح کیاگیا کہ کوئی بھی مسلمان نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف ایسے گستاخانہ کلمات کو برداشت نہیں کر سکتا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button