مقبوضہ جموں و کشمیر

بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں قتل عام کے واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ

بھارتی فوجیوں نے کولگام میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا
سرینگر11جون (کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوںکے ہاتھوں قتل عام کے تمام واقعات کی کسی بین الاقوامی ادارے کے ذریعے غیر جانبدارانہ تحقیقات کامطالبہ کیا ہے تاکہ ان گھنائونے جرائم میں ملوث مجرموں کو سزا دی جا سکے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے یہ مطالبہ چوٹہ بازار قتل عام کو 31سال مکمل ہونے کے موقع پر کیاہے۔بھارتی پیراملٹری سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں نے1991میں آج ہی کے دن سرینگر کے علاقے زینہ کدل میں نامعلوم حملہ آوروں کے ساتھ مبینہ تصادم کے بعد اپنے کیمپ سے سرینگر کے گنجان آباد علاقے چوٹہ بازار میںخودکار ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کی۔ فوجیوں کی اس ظالمانہ کارروائی کے نتیجے میں 32بے گناہ کشمیری شہید اور 22دیگر زخمی ہوگئے تھے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںچوٹہ بازار قتل عام کے شہداء کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کے مشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی تحریک آزادی نے درجنوں ایسے بہیمانہ واقعات دیکھے ہیں جنہوں نے خون سے لہو لہان سر زمین کشمیر پر بہادری کے ایسے نقوش چھوڑے ہیں جن سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو مزید تقویت ملی ۔ حریت رہنمائوں جمیل میر اور ڈاکٹر مصعب کی قیادت میں ایک وفد چوٹہ بازار قتل عام کے شہداء اور دیگر کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سرینگر میں مزار شہدا ء عیدگاہ گیا۔
دریں اثناء بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے عہدیداروں کی طرف سے پیغمبر اسلام حضرت محمد ۖکے بارے میں گستاخانہ بیان کے خلاف آج جموں خطے کے کئی اضلاع بشمول کشتواڑ ، ڈوڈہ ، راجوری ، پونچھ اور رام بن میںاحتجاج درج کرانے کے لیے ہڑتال کی گئی۔ قابض حکام نے رام بن ، بھدرواہ اور کشتواڑ کے علاقوں میںمسلمانوں کو بی جے پی اراکین کے گستاخانہ بیانات کے خلاف احتجاج کرنے سے روکنے کے لئے مسلسل دوسرے روز بھی کرفیو جاری رکھا۔ جموں کے کئی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل رہی۔
بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں آج ضلع کولگام میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔ فوجیوں نے نوجوان کو ضلع کے علاقے کھانڈی پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک پرتشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔
بارہمولہ اور گاندربل اضلاع میں بجلی گرنے کے دو واقعات میں ایک بھارتی فوجی اور ایک خاتون اپنی زندگی سے ہاتھ دھوبیٹھی جبکہ چار دیگر افراد زخمی ہوگئے۔
ادھر بی جے پی رہنمائوںکی طرف سے حضور نبی اکرم ۖ کے بارے میں گستاخانہ بیانات کے خلاف کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر نے آج نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے بھارت مخالف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر مقررین نے چوٹہ بازار قتل عام کے شہداء سمیت تمام کشمیری شہداء کوزبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ مظاہرے کی قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے کنوینر محمد فاروق رحمانی نے کی۔
بی جے پی رہنمائوں کی طرف سے پیغمبر اسلامۖ کے بارے میں گستاخانہ بیانات کے خلاف بھارتی ریاست جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی میں ہزاروں مسلمانوں کے احتجاج کو روکنے کے لیے بھارتی پولیس نے فائرنگ کی جس سے دو مسلمان نوجوان شہید اور کئی دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ ہندوتوا کے ایک ہجوم نے بھی احتجاج کرنے والے مسلمانوں پر تشدد کیا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button