بھارت پانچویں جنریشن کے لڑاکا طیارے کے لیے نیوٹن انجن بنائے گا
نئی دلی 13جون (کے ایم ایس)
بھارت نے خطے میں اپنا جنگی جنون جاری رکھتے ہوئے پانچویں جنریشن کے جدیدلڑاکاطیاروں کیلئے 120 کلو کا نیوٹن انجن تیار کرنے کاعندیہ دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ رواں ماہ کے آخر میں لڑاکا طیارے کے انجن کی تیاری کے منصوبے کا جائزہ لیں گے۔ فرانسیسی کمپنی سافران جیٹ انجنوں کی ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لیے ایک ارب بلین یورو سے زیادہ طلب کئے ہیں۔ اگلے 10 برس میں یہ لڑاکا طیارے بھارتی فضائیہ کے بیڑے کا حصہ بن جائیںگے۔بھارت کے اہم منصوبوں میں سے ایک پانچویں جنریشن کے لڑاکا طیارے کی تیاری ہے۔ ملکی ساختہ جنگی طیارے تیجاس کو ایروناٹیکل ڈیولپمنٹ ایجنسی نے ڈیزائن کیا ہے۔ اس لیے انھیں پانچویں جنریشن کے لڑاکا طیارے کے ڈیزائن کی ذمہ داری دی گئی۔ ایئر کرافٹ ریسرچ اینڈ ڈیزائن سینٹر نے اے ڈی اے کے ساتھ مل کر اس لڑاکا طیارے کا ڈیزائن تیار کیا ہے، جسے ایئر فورس کی منظوری بھی مل چکی ہے۔ طیارے کے کئی حصے پہلے ہی بنائے جا چکے ہیں۔ اگلی دہائی تک یہ لڑاکا طیارے بھارتی فضائیہ کے اسٹریٹجک بیڑے میں شامل ہوجائیں گے ۔پروٹوٹائپ طیارہ تیار کرنے کے لیے کیبنٹ کمیٹی برائے سیکورٹی کی منظوری حاصل کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر 2024میں پہلی پرواز کے ساتھ چار پروٹو ٹائپ طیارے بنائے جائیں گے اوردو سال بعد پانچویں جنریشن کا پروٹوٹائپ ملکی ساختہ طیارہ بھارتی فضائیہ میں شامل ہوجائے گا۔