مسرت عالم کیG20 ارکان سے مقبوضہ کشمیر میں سربراہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی اپیل
نئی دہلی 02 جولائی (کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پرنظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے جی 20 کے ارکان سے اپیل کی ہے کہ وہ گروپ کے اُس اجلاس میں شرکت کرنے سے گریز کریں جس کی بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں میزبانی کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے پیغام میں کہا کہ چونکہ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ خطہ ہے اس لیے اس علاقے میں بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد اقوام متحدہ کے اصولوں اور کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادیں کی کھلی خلاف ورزی ہو گی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین نے کہا کہ قابض بھارتی فورسز اس وقت مقبوضہ جموںوکشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہی ہیں جنہیں روکنا عالمی برادری کی اولین ذمہ داری ہے۔
انہوں نے پاکستان اور آزاد کشمیر کی حکومتوں پر بھی زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیرمیں G20 اجلاس کی میزبانی کے مذموم بھارتی منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے اپنی سفارتی کوششیں تیز کریں.