فسطائی مودی حکومت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتی: مشعال ملک
اسلام آباد12جولائی (کے ایم ایس)پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن اور غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے لیکن کشمیری عوام کو ان مذموم ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں کیا جا سکتابلکہ اس طرح کے اقدامات سے تحریک آزادی کے لئے ان کے عزم کو مزید تقویت ملے گی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشعال حسین ملک نے یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ 13جولائی 1931 کو ڈوگرہ مہاراجہ کے فوجیوں نے سرینگر کی سینٹرل جیل کے باہر 22بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا تھا۔مشعال ملک نے 13جولائی 1931کے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ڈوگرو سامراج کے خلاف اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ کشمیر کی تاریخ میں ایک سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد کشمیر کی تحریک آزادی میں شہادتوں کے تمام واقعات شہداء کے مشن کا تسلسل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈوگرہ فوجیوں کی طرح سفاک بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں لاکھوں کشمیریوں کو شہیدکیا اور لاکھوں خاندانوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ اس کے باوجود وہ بھارتی قبضے سے آزادی حاصل کرنے کے لیے کشمیریوں کے عزم کو توڑنے میں ناکام رہے ہیں۔انہوں نے افسوس کا اظہارکیا کہ دنیا خاموش رہی اور ڈوگرہ افواج کی بربریت کے خلاف کوئی کارروائی کرنے میں ناکام رہی اور آج جب بھارتی فوجیں ظلم و بربریت اور ریاستی دہشت گردی کی تمام حدیں پار کر رہی ہیں تو عالمی طاقتیں اور انسانی حقوق کی تنظیمیں ایک بار پھر مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔حریت رہنما نے کہا کہ بھارت کے 5اگست 2019کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات سے جن کا مقصد کشمیری عوام کے انفرادی تشخص کو ختم کرنا تھا، آزادی اور حق خود ارادیت کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کو مزید تقویت ملی ہے اور یوم شہدائے کشمیر منانے کا نیا جوش وجذبہ پیدا ہواہے۔مشعال ملک نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام پر جاری بھارتی مظالم کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے خلاف ناقابل بیان جرائم پر بھارت کا محاسبہ ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور خوشحالی نہیں آسکتی۔ انہوں نے تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کیا ۔