یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان یوم سیاہ کے موقع پر ایک دستاویزی نغمہ جاری کررہی ہے
اسلام آباد 26 اکتوبر (کے ایم ایس)یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان وزارت خارجہ کے تعاون سے ایک دستاویزی نغمہ جاری کرنے جا رہی ہے جو مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ سات دہائیوں سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مبنی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ نغمہ ”ہاںمیں کشمیر ہوں“ 27 اکتوبر 2021 کو یوم سیاہ کے موقع پرجاری کیا جائے گا۔یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان کے صدر عبید قریشی نے کہا کہ”ہاں میں کشمیر ہوں“دنیا کے لئے سات دہائیوں سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا بصری مظاہرہ ہے۔نغمے کے بول ہر کشمیری کی کہانی بیان کرتے ہیں اور اسے یوتھ پارلیمنٹ کے ایگزیکٹو رکن زوہیب زمان نے گایا ہے جو ایک محب وطن کشمیری گلوکار ہے اور انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری زبان کا ثقافتی نغمہ”نگارو“بھی جاری کیاتھا۔ یہ نغمہ یوتھ پارلیمنٹ کی جانب سے کشمیر کے لیے حب الوطنی کے جذبے کے اظہار کی رضاکارانہ کوشش ہے۔ اس گانے کا مقصد عالمی برادری کو حق خودارادیت کے حوالے سے ان کا وعدہ یاد دلانا اورگزشتہ سات دہائیوں سے جاری بھارتی مظالم ، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیریوں کی جدوجہد کو اجاگر کرنا ہے۔عبید قریشی نے کہاکہ ”ہاں میں کشمیر ہوں“کا بصری مواد دو حصوں پر مشتمل ہیں۔ ابتدائی طور اس میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگرکیاگیا ہے جبکہ باقی حصے میں کشمیریوں کی جدوجہدآزادی کو اجاگرکیاگیاہے۔انہوں نے کہاکہ یہ نغمہ وارت خارجہ کی طرف سے 27 اکتوبر کو انگریزی سب ٹائٹلز کے ساتھ دنیا بھر میں جاری کیا جائے گا۔بھارتی فوج نے اسی دن جموںوکشمیر پر حملہ کرکے جبری قبضہ کیاتھا اور پاکستانی اور کشمیری اس دن کو یوم سیاہ کے طورپر مناتے ہیں۔