یاسین ملک کی جھوٹے الزامات کے تحت قائم مقدمات میں ٹاڈا عدالت میں پیشی
نئی دلی24مئی (کے ایم ایس)
نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں غیر قانونی طورپر نظربند جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو ان کے خلاف 1987اور 1988میں قائم کئے گئے جھوٹے مقدمات کی سماعت کیلئے آج سرینگر کی ٹاڈا عدالت میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے پیش کیاگیا ۔
یاسین ملک پر کالے قانون ٹاڈا کے تحت الزامات عائد کیے گئے ہیں۔یاسین ملک نے اس موقع پر اپنے وکلاء ایڈووکیٹ میر عرفی، ایڈووکیٹ بشیر صدیق اورایڈووکیٹ غلام نبی شاہین سے بات کرتے ہوئے اپنے خلاف جھوٹے الزامات کے تحت قائم مقدمہ میں دفاع نہ کرنے کے دلی کی این آئی اے کی عدالت میںاختیار کئے گئے اپنے فیصلے کا اعادہ کیا۔ کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری غلام نبی شاہین نے بار کی جانب سے انہیں ان کے خلاف جھوٹے الزامات کے تحت قائم کئے گئے مقدمہ میں قانونی معاونت کی پیش کش کی تاہم محمد یاسین ملک نے بار ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیںانکار کر دیا کیونکہ انہیں یقین ہے کہ بھارتی عدلیہ مودی کی زیرقیادت ہندوتوا حکومت کی آلہ کار بنی ہوئی ہے ۔