مقبوضہ جموں و کشمیر

یاسین ملک کا اپنے خلاف درج جھوٹے مقدمات کے منصفانہ ٹرائل کا مطالبہ ، بھوک ہڑتال کی دھمکی

سرینگر14 جولائی (کے ایم ایس) جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے غیر قانونی طور پر نظربند چیئرمین محمد یاسین ملک نے دھمکی دی ہے کہ اگر انہیں جموں کی ٹاڈا عدالت میں اپنے خلاف زیر التوا تین دہائیوں سے زائد پرانے بے بنیاد مقدمات میں منصفانہ ٹرائل فراہم نہیں کیا گیا اور عدالت میں از خود پیش ہونے کا موقع نہیں دیا گیا تو وہ غیر معینہ مدت کیلئے بھوک ہڑتال شروع کر دیں گے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جے کے ایل ایف کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ محمد یاسین ملک نے گزشتہ روز ٹاڈا کورٹ میںایک مقدمے کی آن لائن سماعت کے دوران جج سے مقدمات کی منصفانہ سماعت اور عدالت میں اپنی از خود پیشی بارے استفسار کے دوران انکشاف کیا کہ انہوں نے اس سلسلے میں بھارتی حکومت کو لکھے گئے خط میں اپنی از خود پیشی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ وہ گواہوں سے جرح کرکے اپنا دفاع کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک نے جج کو بتایا کہ انہوں نے خط میں لکھا ہے کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ بھارتی حکومت اور عدلیہ کے اس غیر منصفانہ رویے کے خلاف رواں ماہ کی 22 تاریخ سے نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کر دیں گے۔ .لبریشن فرنٹ ترجمان نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی حکومت کے کہنے پر دہلی کی ایک خصوصی عدالت نے رواں برس 25 مئی کو یاسین ملک کو ان کے خلاف درج جھوٹے اور من گھڑت مقدمات میں غیر منصفانہ طور پر عمر قید کی سزا سنائی۔ اس سزا کو یاسین ملک کا سیاسی انتقام قرار دیا گیا اور اس کی بڑے پیمانے پر مذمت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف جموں و کشمیر کے عوام سراپا احتجاج ہیں بلکہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کی تنظیموں اور کارکنوں نے بھی عدالتی فیصلے کے خلاف آواز بلند کی ہے ۔ انہوں نے ان تمام انجمنوں، شخصیات اور جماعتوں کا شکریہ ادا کیا جو اب بھی یاسین ملک کو انصاف دلانے کے لیے اپنی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں اور ان کی جلد رہائی کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں۔
ترجمان نے تہاڑ جیل میں پارٹی چیئرمین کی بگڑتی ہوئی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر یاسین ملک کو کچھ ہوا تو اسکی ذمہ دار مکمل طورپر بھارتی حکومت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کے مطالبات حق اور انصاف پر مبنی ہیں جنہیں تسلیم کرتے ہوئے بھارت کو شرم محسوس نہیں کرنی چاہیے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ یاسین ملک کی جان بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button