یوم الحاق پاکستان کے موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد
اسلام آباد 19جولائی (کے ایم ایس )
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام آج "یوم الحاق پاکستان” کے سلسلے میں اسلام آبادمیں ایک سیمینار منعقد کیاگیا۔
یہ دن کشمیری عوام 1947میں سرینگر میں اس دن اپنی نمائندہ تنظیم آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کی طرف سے جموں وکشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کی تاریخی قرارداد کی یاد میں منارہے ہیں اور وہ مقبوضہ کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کا مطالبہ کرتے ہیں ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے سیمینار کی صدارت کی جبکہ آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم اور صدر سردار یعقوب خان اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے 19جولائی 1947کو منظور ہونے والی قرارداد کو کشمیریوں کی منزل قرار دیا اور اس مقصد کے حصول کے لیے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کی خواہشات کے برخلاف جموںو کشمیر پر فوجی اقت کے بل پر زبردستی قبضہ کر رکھا ہے لیکن ایک دن ضرور کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کرلیں گے کیونکہ طاقت کے وحشیانہ استعمال سے ان کے جذبہ آزادی کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔دیگر مقررین اور شرکا میں شیخ عبدالمتین، محمد فاروق رحمانی، غلام محمد صفی، سید فیض نقشبندی، سید یوسف نسیم، میر طاہر مسعود، محمد حسین خطیب، شیخ محمد یعقوب، حسن البنائ، امتیاز وانی، سید اعجاز رحمانی ، ایڈووکیٹ پرویز احمد، مشتاق احمد بٹ، راجہ خادم حسین، جاوید اقبال بٹ، منظور الحق بٹ، نثار مرزا، زاہد اشرف، عبدالمجید، گلشن احمد، عمران قاضی، میاں مظفر، ندیم وانی، عبدالحمید، عطا اللہ، محمد شفیع ڈاراور دیگرشامل تھے۔اس موقع پر منظور کی گئی ایک قرارداد میں جموں و کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ قرارداد میں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت اور پاکستان کے درمیان بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکراتی عمل پر بھی زور دیا گیا۔بھارت اورمقبوضہ کشمیر کی مختلف جیلوں میں کالے قوانین کے تحت غیر قانونی طورپر نظربند تمام سیاسیرہنمائوں کی فوریرہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے قرارداد میں کشمیری شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے مشن کواس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیاگیا ۔
دریں اثنا، "یوم الحاق پاکستان” کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر کی متعدد جماعتوں، کشمیری مہاجرین اور دیگرگروپوں نے راولپنڈی، مظفرآباد، میرپور، راولا کوٹ اور آزاد جموں و کشمیر کے دیگر علاقوں میں تقریبات منعقد کیں۔