بھارت جبر واستبداد کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کمزور نہیں کرسکتا، کشمیر فریڈم فرنٹ
سرینگر06اکتوبر (کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ” کشمیر فریڈم فرنٹ“نے بھارتی فورسز کی طرف سے بیگناہ کشمیریوں کے قتل، رات کے وقت گھروں پر چھاپوں اور حریت قیادت کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کشمیر فریڈم فرنٹ کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ قتل، تشدد اور جبر و استبداد کے دیگر ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگزکمزور نہیں کیا جاسکتا۔ انہوںنے کہا کہ مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں لوگوں نے غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے عظیم قربانیاں دی ہیں اور کشمیری اپنی پرُ امن جدوجہد کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک صبح آزادی طلوع نہیں ہوتی مقبوضہ جموںوکشمیر کے لوگ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ ہٹ دھرمی کا راستہ ترک کر کے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات کرے ۔انہوںنے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارتی قیادت پر دباﺅ ڈالے۔ترجمان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل ، ہیومن رائٹس واچ ، انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس اور انسانی حقوق کی دیگر عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری نظر بندوں کی حالت زار کا نوٹس لیتے ہوئے انکی رہائی کیلئے کردار ادا کریں۔