”این آئی اے“ کا خالصتانی رہنما کے بارے میں معلومات دینے والے کو 10 لاکھ انعام دینے کا اعلان
نئی دہلی 23 جولائی (کے ایم ایس) بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے” نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی “(این آئی اے) نے کینیڈا میں مقیم خالصتان ٹائیگر فورس (کے ٹی ایف) کے سربراہ ہردیپ سنگھ نجار کے بارے میں معلومات دینے والے کے لیے 10 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تحقیقاتی ایجنسی نے ہردیپ سنگھ جو اس وقت Surreyمیں مقیم ہیں پر بھارتی پنجاب کے شہر جالندھر میں ایک ہندو پجاری کو قتل کرنے کی سازش میں ملوث ہونے کا الزام لگایا ہے۔الزام میں کہا گیا ہے کہ نجار سکھوں کی نمائندہ تنظیم سکھس فار جسٹس کے بھارت میں سکھوں کے لیے الگ وطن خالصتان کے قیام کے ایجنڈے کو بھی فروغ دے رہے ہیں۔
این آئی اے نے رواں ماہ کے شروع میں نجار، ارشدیپ سنگھ، کمل جیت شرما اور رام سنگھ کے خلاف فرد جرم داخل کی تھی۔ ایجنسی نے کہا کہ کینیڈا میں مقیم ارشدیپ سنگھ اور نجار دونوں نے جالندھر کے گاﺅں بھر سنگھ پورہ میں پجاری کمل دیپ شرما کو قتل کرکے پنجاب میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خراب کرنے کی سازش رچائی تھی۔
ایجنسی نے کہاگرفتار ملزم کمل جیت شرما اور رام سنگھ عرف سونا نے کمل دیپ شرما پر گولی چلائی تھی۔.