حریت رہنماوں کو سیاسی نظریات کیوجہ سے انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، میر واعظ
نریندر مودی کا اگست 2019 کا اقدام مقبوضہ جموں وکشمیرکی شناخت پر حملہ تھا
سرینگر 28 جولائی (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری حریت رہنماو¿ں کو ان کے سیاسی نظریے کیوجہ سے انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک بیان میں واضح کیا کہ سیاسی مخالفین کو نظریات کی بنیاد پر نشانہ بنانے سے نہ تو کشمیر کے حقائق اور نہ ہی کشمیری عوام کے جذبات تبدیل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے بالآخر تمام فریقوں کے درمیان بات چیت ہی واحد راستہ ہے۔ میر واعظ عمر فاروق نے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین محمد یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کیا جو جمعہ سے غیر معینہ مدت کیلئے بھوک ہڑتال پر ہیں۔ ہفتے کے روز تہاڑ جیل میں ان کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں دہلی کے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ میرواعظ نے یاسین ملک کو ہنگامی بنیادوں پر طبی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔
دریں اثناءکل جماعتی حریت کانفرنس کے نائب چیئرمین غلام احمد گلزار نے سری نگر سینٹرل جیل سے ایک خصوصی پیغام میں کہا کہ کشمیری 5اگست کو ہمیشہ یوم استحصال، یوم سوگ اور یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کی حمایت یافتہ بی جے پی کی فسطائی حکومت نے کشمیریوں کے سیاسی، معاشرتی اور مذہبی حقوق غصب کیے اور 5 اگست 2019 کی کارروائی کشمیر کی منفرد شناخت، ثقافت، روزگار، آبادی اور بنیادی حقوق پر ہندوتوا قوتوں کا براہ راست حملہ ہے۔
پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے آج سری نگر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے پر دونوں ملکوں کی تعریف کی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کو بھی آزاد جموں و کشمیر کی طرح دنیا سے منسلک کر کے دونوں خطوں کو” ورلڈ پیس زون“ قرار دینے کا مطالبہ کیا۔ محبوبہ مفتی نے بھارتی وزیراعظم سے کہا کہ وہ مختلف جیلوں میں بند تمام کشمیریوں کی رہائی کا حکم دیں۔
بھارتی حکومت نے اعتراف کیا ہے کہ رواں برس مقبوضہ کشمیر میں پولیس نے دو کشمیری صحافیوں کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت حراست میں لیا ہے۔ یہ بات بھارتی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی۔
ادھرمقبوضہ جموں و کشمیر میں سری نگر جموں شاہراہ اور سری نگر لیہہ شاہراہ کو آج مختلف مقامات پر لینڈ سلائینڈنگ کی وجہ سے ٹریفک کی آمد و رفت کیلئے بند کر دیا گیا۔