بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں کی تمام حدیں پار کرلی ہیں، خواجہ فردوس
سرینگر30 ستمبر (کے ایم ایس )
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس نے کہاہے کہ بھارتی قابض فوج نے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی تمام حدیں پار کرلی ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق خواجہ فردوس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت انسانیت کا دشمن اور قاتل ملک ہے اور اس نے مقبوضہ علاقے میں اپنی فوج کو نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج جس طرح نہتے کشمیریوں کو وحشیانہ ظلم و تشدد اور توہین آمیز سلوک کا نشانہ بنا رہی ہے اس کی ماضی قریب میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد جمہورت کے دعویدار بھارتی حکمران مقبوضہ علاقے کی صورتحال کے بارے میں دنیا کو گمراہ کر رہے ہیں جبکہ مقبوضہ علاقے میں مسلسل کشمیریوں کا قتل عام اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں مسلسل جاری ہیں۔ خواجہ فردوس نے کہاکہ بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے فوجی طاقت کے وحشیانہ استعمال سے خطے کی کشیدہ صورتحال میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت میںآر ایس ایس کی حمایت یافتہ مودی حکومت ہٹلر کے نقش قدم عمل درآمد جاری رکھے ہوئے رہا ہے اوراس کے ناپاک اور خطرنات عزائم نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں ۔حریت رہنماء نے کہاکہ پاکستان کی بہترین خارجہ پالیسی کی وجہ سے آج مسئلہ کشمیر عالمی سطح پرمرکز نگاہ بن گیا ہے کیونکہ پاکستان کی یہ ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ تاہم انہوںنے کہاکہ بھارت کی ہٹ دھرمی اور عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کی وجہ سے دیرینہ تنازعہ کشمیر آج بھی حل طلب ہے ۔ خواجہ فردوس نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جنوبی ایشیاء کے ساتھ ساتھ دنیابھر میں قیام امن کیلئے مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔