ٹویٹر نے بھارت میں43ہزارسے زائد اکائونٹس بند کردیے
نئی دہلی02اگست(کے ایم ایس)ٹویٹرنے جو مختلف قسم کے مواد کو روکنے کے احکامات پر بھارتی حکومت کے خلاف قانونی جنگ لڑ رہا ہے، جون کے مہینے میں قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر 43ہزار140سے زائد بھارتی صارفین کے اکائونٹس بند کردیے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر نے منگل کو اپنی ماہانہ رپورٹ میں کہاکہ اس نے 40,982اکائونٹس سے بچوں کے جنسی استحصال، فحاشی اور اسی طرح کے دیگر مواد کو ہٹادیا اور دہشت گردی کو فروغ دینے پر2,158اکائونٹس کو بند کردیا۔مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم کو 26مئی سے 25جون کے درمیان ملک میں 724شکایات موصول ہوئیں اور 122شکایات پر کارروائی کی گئی۔مئی میں ٹویٹر نے بھارتی صارفین کے 46,000سے زیادہ اکائونٹس پر پابندی لگا دی تھی۔ بھارت کے محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے قوانین کے تحت ٹویٹر کو ملک میں صارفین کی شکایات سے نمٹنے کے بارے میں ماہانہ رپورٹ شائع کرنا پڑتی ہے جس میں ان پر کی گئی کارروائی بھی شامل ہے۔ نئے آئی ٹی رولز 2021کے تحت بڑے ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمزکو جن کے 50لاکھ سے زیادہ صارفین ہیں، ماہانہ رپورٹ شائع کرنی ہوگی۔ٹوئٹر نے اپنے پلیٹ فارم سے کچھ مواد ہٹانے کے بھارتی حکومت کے حکم کے خلاف گزشتہ ماہ ریاست کرناٹک کی ہائی کورٹ میں درخواست دائرکی تھی۔بھارتی آئی ٹی وزارت نے جون میں ایک خط میںٹویٹر کو متنبہ کیا تھا کہ اگر وہ مواد کو ہٹانے کے احکامات کی تعمیل نہیں کرے گا تو حکومت سخت کارروائی کرے گی۔