بھارت :راجستھان میں خاتون کی اجتماعی عصمت دری
جے پور10ستمبر(کے ایم ایس) بھارتی ریاست راجستھان میں کئی افراد نے ایک خاتون کو اجتماعی عصمت دری کا نشانہ بنایا اور اس پرجسمانی تشدد کیا۔
خاتون نے بتایا ہے کہ ملزمان نے اسے اس وقت اغوا کیا جب وہ سیر پر نکلی ہوئی تھی۔ انہوں نے کہاکہ ملزمان اسے ایک ویران جگہ پر لے گئے اور ریاست کے گنگا پور بھیلواڑہ شہر میں اجتماعی زیادتی سے قبل اس پر جسمانی تشددکیا۔ متاثرہ خاتون نے بتایاکہ وہ جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی اورفرارہوتے وات وہ اپنے کپڑے بھی ساتھ نہیں لے جاسکی۔ جب اس نے سڑک پر بالکل برہنہ حالت میں لوگوں سے مدد مانگی تو بہت سے لوگوں نے اسے ایک بے ہودہ عورت سمجھ کر دھتکار دیا اور مدد کرنے سے انکار کر دیا۔کئی گھنٹوں کی آزمائش کے بعد کچھ گائوں والوں نے اس کے جسم کو ڈھانپنے کے لیے کپڑے پیش کیے اور پولیس کو اطلاع دی۔ خاتون نے بتایا کہ وہ تین ملزمان میں سے ایک کو جانتی ہے۔بھیلواڑہ کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس ومل سنگھ نہرا نے کہا کہ ملزمین میں سے ایک نے جرم سے پہلے خاتون کو فون کیا تھا اور اس سے ملنے کو کہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ خاتون نے ملنے سے انکار کر دیا تھا۔ لیکن ملزموں نے اسے اس وقت پکڑ لیا جب وہ باہر سیر پر گئی تھی اور جرم کا ارتکاب کیا۔فرانزک سائنس لیبارٹری کی ایک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے ہیں جس میں متاثرہ خاتون کی ٹوٹی ہوئی چوڑیاں اور وہ موٹر سائیکل بھی شامل ہے جس پر اسے اغوا کیا گیا تھا۔کئی لوگوں نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس کے دفتر کے باہر احتجاج کرتے ہوئے خاتون کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔