بھارتی فوج لداخ میں ہلکے ٹینک تعینات کرنے کی تیاری کررہی ہے
نئی دہلی27اگست(کے ایم ایس)بھارتی فوج”پروجیکٹ زوراور”کے تحت مشرقی لداخ کی بلندیوں پر تعیناتی کے لیے ہلکے ٹینکوں کا ایک بیڑا خریدنے کی تیاری کررہی ہے تاکہ کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مجموعی فائر پاور اور آپریشنل صلاحیت کو تقویت دی جا سکے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اس منصوبے کی ابتدائی منظوری وزارت دفاع کی جانب سے اگلے ماہ دیے جانے کا امکان ہے۔رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ہلکے ٹینکوں میں موجودہ ٹینکوں کے برابر فائر پاور ہو گی اور ان کو فوری تعیناتی کو یقینی بنانے اور فورس کی چستی کو بڑھانے کے لیے خریدا جا رہا ہے کیونکہ شمالی سرحدوں پر مستقل خطرہ جاری رہنے کا امکان ہے۔یہ ٹینک ”پروجیکٹ زوراور”کے تحت خریدے جائیں گے – جن کا نام ایک فوجی جنرل زوراور سنگھ کے نام پر رکھا گیا ہے جوجموں کے راجہ گلاب سنگھ کے ماتحت خدمات انجام دے چکے ہیں – رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آیا ان کو مشرقی لداخ کے پینگونگ تسو میں بھی تعینات کیا جا سکے گا یا نہیں۔