شبیر شاہ کی کشمیریوں سے یکم ستمبر کو مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل
نئی دہلی28اگست(کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظربند وائس چیئرمین شبیر احمد شاہ نے تحریک آزادی کشمیر کے عظیم رہنما سید علی گیلانی کو ان کی پہلی برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مقبوضہ جموں و کشمیرکے لوگوں سے یکم ستمبر کو مکمل ہڑتال اور سرینگر کے علاقے حیدر پورہ کی طرف مارچ کرنے کی اپیل کی ہے۔
شبیر احمد شاہ نے جو جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ بھی ہیں، تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں حق خودارادیت کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد میں شہید رہنما کی بے مثال خدمات اور لازوال کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی دیانتداری اور امانت داری کا مجسمہ تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی کشمیر کاز کے لیے وقف کر دی۔ گیلانی صاحب کے ساتھ اپنی سالہا سال کی رفاقت کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے گیلانی صاحب کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز اور شرف حاصل ہوا۔ ہم نے ساتھ ساتھ قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، وہ واقعی کشمیر کے مرد آہن تھے جنہوں نے بھارتی حکام کی طرف ظلم وستم کے باوجود مسئلہ کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کو کشمیر کی تاریخ میں ہمیشہ ایک ایسے ہیرو کے طور پر یاد رکھا جائے گا جنہوں نے انتہائی جرات اور بے باکی کے ساتھ کشمیریوں کی جائزجدوجہد کی رہنمائی کی۔ شبیر شاہ نے کہا کہ اپنی زندگی بھر کی جدوجہد کے دوران گیلانی صاحب نے اپنے خاندان کے ساتھ بے پناہ مشکلات جھیلیں۔ انہوں نے کہا کہ گیلانی صاحب کو جیلوں میں ڈالا گیا، تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ایک دہائی سے زائد عرصے تک گھر میں نظر بند رکھا گیا لیکن وہ ایک چٹان کی طرح اپنے اصولی موقف پر ڈٹے رہے۔ شبیرشاہ نے کہاکہ گیلانی صاحب اب ہمارے درمیان نہیں ہیں لیکن جو میراث انہوں نے چھوڑی ہے وہ کشمیر کی موجودہ اور آنے والی نسلوں کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کرتی رہے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ قابض بھارتی حکام نے عوام کو ان کے جنازے میں شرکت کی اجازت نہیں دی۔ . انہوں نے کہا کہ گیلانی صاحب کی میت کو زبردستی چھیننا اور اس کے بعد خفیہ تدفین کرنا فسطائیت کا کھلا مظاہرہ تھا جس نے آج پورے بھارت کو اپنی لپیٹ میں لے رکھاہے۔ انہوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ تحریک آزادی کشمیر کے عظیم رہنما کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے حیدر پورہ کے قبرستان پر جمع ہوں۔ انہوں نے ائمہ مساجد اور علمائے کرام پر بھی زور دیا کہ وہ شہید قائد کو خراج عقیدت پیش کریں اور خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں۔