ڈاکٹر فائی کی” یو این جی اے “کے نو منتخب صدر کو مبارکباد
واشنگٹن 21 ستمبر (کے ایم ایس) واشنگٹن میں قائم ”ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس“ کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے اپنی اور جموں و کشمیر کے لوگوں کی طرف سے ہنگری کے سفارت Csaba Korosi کو ا قوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے صدر کی حیثیت سے انتخاب پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں آبادی کے تناسب میں تبدیل کے بھارتی کوششوں کو روکیں گے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈاکٹرفائی نے اپنے پیغام میں کہا کہ جموںوکشمیر تنازعہ کوئی نیا تنازعہ نہیں ہے بلکہ یہ تقریباً 75 برس سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ہے ۔ انہوںنے کہا ستم ظریفی یہ ہے کہ جنوبی ایشیا میں یہ واحد خطہ ہے جسے اب تک اپنے سیاسی مستقبل کا تعین کرنے کا موقع سے نہیں دیا گیا۔ڈاکٹر فائی نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تسلیم شدہ اصولوں، بین الاقوامی معاہدوں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے احترام کی بنیاد پر ہم آپ سے یہ اپیل کرتے ہیں کہ آپ بھارت اور پاکستان پر زور دیں کہ وہ جموں و کشمیر کے تمام علاقوں کے لوگوں کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کو حل کریں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اس مسئلے کا تاحال حل نہ ہونا بھارت اور پاکستان دونوں کے لیے کئی مسائل کا باعث ہے۔ڈاکٹر فائی نے مزید کہا کہ بھارت نے مقبوضہ عاقے میں نو لاکھ سے زائد فورسز اہلکار تعینات کر رکھے ہیں اور وہ کشمیریوں کو تابع کرنے کیلئے وحشیانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے لیکن اسکے باوجود وہ کشمیریوں کو زیر نہیں کر سکا ہے ۔انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کیلئے بھارت کی طرف سے فافذ کردہ نیے ڈومیسائل قانون کی منسوخی کیلئے بھارتی حکومت پر دباﺅ ڈالیں۔