کسانوں نے امرتسر میں ٹرینوں کی آمدورفت معطل کر دی
امرتسر03اکتوبر(کے ایم ایس)
پنجاب میں کسان مزدور سنگھرش کمیٹی کے اراکین نے لکھیم پور کھیری میں کسانوں کو گاڑی سے کچلنے کے واقعے کو ایک برس مکمل ہونے کے موقع پر آج پیر کو تین گھنٹے تک ٹرنیوں کی آمد رفت کو معطل رکھا ۔ واقعے میں چار کسانوں سمیت آٹھ افرادہلاک ہو گئے تھے ۔
گزشتہ سال 3اکتوبر کو لکھیم پور کھیری میں اتر پردیش کے نائب وزیر اعلی کیسوپرساد موریہ کی آمد پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے متعدد کسانوں کو گاڑی سے کچل دیاگیا تھا واقعے میں 4کسانوں سمیت 8افراد ہلاک ہو گئے تھے ۔واقعے میں استعمال ہونیوالی گاڑی بھارتی وزیر اجے مشرا کے بیٹے اشیش مشرا کی تھی ۔مظاہرین نے بھارتی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا کی برطرفی کا مطالبہ کیا ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ کسان 17مقامات پر اپنا احتجاج کر رہے ہیں اور انہوں نے امرتسر۔دہلی، امرتسر ۔ کھیم کرن اور امرتسر-پٹھانکوٹ روٹس پر ریل گاڑیوں کی آمد ورفت کو معطل کر دیا ہے ۔ کے ایم ایس سی کے جنرل سکریٹری سرون سنگھ پنڈھر نے کہا کہ اجے مشرا کے خلاف کارروائی نہ ہونے کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے ہم آٹھ مقامات پر مودی حکومت کے پتلے بھی جلائیں گے۔