اسد الدین اویسی کی افغان خواتین پر مظالم پر اظہار تشویش کرنے پر مودی حکومت پر کڑی تنقید
حیدر آباد 20 اگست (کے ایم ایس )
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسدالدین اویسی نے افغانستان میں خواتین پر ڈھائے جانیوالے مظالم پر تشویش ظاہر کرنے پر مودی کی سربراہی میں بھارتی حکومت کوکڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ ملک میں خواتین کے خلاف مسلسل مظالم جاری ہیں اور حکمرانوں کو افغانسان کی فکر ستا رہی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اسدالدین اویسی نے حید ر آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں 9میں سے ایک بچی کی موت 5سال کی عمر سے پہلے ہوجاتی ہے اورملک میں خواتین کے خلاف مسلسل ظلم اور جرائم جاری ہیں لیکن حکومت کو اس بات کی فکر ہے کہ افغانستان میں خواتین کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔انہوںنے سوال کیاکہ کیا بھارت میں خواتین پر ظلم نہیں ہو رہا ہے؟اسدالدین اویسی نے کہاکہ بھارت میں تقریبا 10فیصد لڑکیوں کی موت پانچ سال سے کم عمر میں ہو جاتی ہے، لیکن فکر افغانستان کی ہو رہی ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ بھارت میں خواتین کے خلاف بے حساب ظلم ہوتے ہیں، لیکن حکومت کو فکر افغانستانی خواتین کی ہے۔ انہوںنے کابل کے راستے ایران سے روڈ لنک کے چین کے منصوبوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ مودی چین کو روکنے کیلئے کیا کر رہے ہیں؟ مودی حکومت کے اس بیان کہ بھارت کو افغانستان کے سکھوں اور ہندوئوں کو پناہ دینی چاہیے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ بھارتی حکومت کو صرف ملک کی اقلیتوں پر توجہ مرکو ش کرنی چاہیے ۔