مقبوضہ جموں و کشمیر

ووٹرفہرستوں میں غیر مقامی افراد کے اندراج سے نوآبادیاتی منصوبے پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے : محبوبہ مفتی

سرینگر12اکتوبر(کے ایم ایس)پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی ووٹرفہرستوں میں غیر مقامی افراد کو شامل کئے جانے کے مودی حکومت کے حکمنامے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تازہ ترین حکمنامے کے ساتھ ہی علاقے میں نوآبادیاتی منصوبے پر عملدرآمدشروع ہو چکا ہے۔
ہندوتوا حکومت کے ایک اور کشمیر دشمن اقدام کے تحت جموں میں محکمہ مال کے حکام کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ خطے میں ایک سال سے زائد عرصے سے مقیم تمام بھارتی شہریوں کو رہائشی سرٹیفکیٹ جاری کردیں تاکہ ووٹر فہرستوں میں ان کی شمولیت کو ممکن بنایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر جموں کی طرف سے جاری کردہ ایک نئے حکم نامے میں ریونیو حکام کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ جموں میں ایک سال سے زائد عرصے سے مقیم بھارتی باشندوں کو رہائش کا سرٹیفکیٹ جاری کریں۔ اس کشمیردشمن اقدام سے بھارتی شہریوں کو مقبوضہ جموں وکشمیرکی انتخابی فہرستوں میں شامل کیا جاسکے گا۔محبوبہ مفتی نے ایک ٹویٹ میں لکھاکہ نئے ووٹروں کے اندراج کے حوالے سے بھارتی الیکشن کمیشن کے تازہ حکمنامے سے یہ واضح ہوتا ہے کہ بھارتی حکومت نے نوآبادیاتی منصوبے پر عملدرآمد کاآغازجموں سے کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے ڈوگرہ ثقافت، شناخت، روزگار اور کاروبار کو دھچکا لگے گا۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں اور کشمیر کے درمیان مذہبی اور علاقائی تقسیم پیدا کرنے کی بی جے پی کی کوششوں کو ناکام بناناہوگا کیونکہ چاہے وہ کشمیری ہو یا ڈوگرہ، ہماری شناخت اور حقوق کی حفاظت تب ہی ممکن ہو گی جب ہم اجتماعی جدوجہد کریں گے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button