تلنگانہ : سرکاری سکول میں ”آر ایس ایس“ کیمپ کے انعقاد پر دلت تنظیموں کا احتجاج
حیدر آباد13 اکتوبر (کے ایم ایس)بھارتی ریاست تلنگانہ کے ضلع بیدر کے ایک سرکاری سکول میں ہندو انتہا پسند تنظیم راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ“(آر ایس ایس) کے کیمپ کے انعقاد کے خلاف کئی دلت تنظیموں اور بائیں بازو کی طلباءتنظیموں نے سخت احتجاج کیا ہے۔
انتظامیہ نے آر ایس ایس کو سکول میں میں 9روز کیمپ کے انعقاد کی اجازت دی ہے جسکا آٹھ اکتوبر سے آغاز ہو چکا ہے ۔ دلت تنظیموں نے ڈپٹی کمشنر بیدر کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا اور کیمپ کی اجازت دینے والے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ احتجاج میں شریک لوگوں نے کہا کہ آر ایس ایس والے کیمپ کے دوران نوجوانوں اور کمسن طلباءکے سامنے نفرت انگیز تقاریر کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کیمپ کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ بائیں بازو کی تنظیموں نے بھی احتجاج میں حصہ لیتے ہوئے سرکاری تعلیمی ادارہ میں کیمپ منعقد کرنے کی اجازت دینے پر سخت اعتراض کیا۔ انہوںنے کہا کہ یہ اجازت دانستہ طور پر دی گئی ہے اور اس معاملے میں سکول انتظامیہ بھی ملوث ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اگرکیمپ فوری طور پر بند نہ کیا گیا تو وہ احتجاج میں شدت لائیں گے۔