کشمیری تارکین وطن

مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا عالمی امن وسلامتی کے لئے خطرہ ہے

بارسلونا 30اکتوبر (کے ایم ایس) اسپین کے دارالحکومت بارسلونا میں یونیورسٹی پومپیو فابرا (UPF)میں منعقدہ ایک تقریب کے مقررین نے طالب علموں کی ایک بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کشمیر کا حل نہ ہونا بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے خطرہ ہے اور اقوام متحدہ کو جنوبی ایشیا میں امن کی بحالی کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
طلبا ء کی ایک بڑی تعداد مقبوضہ جموں کشمیر کی صورتحال جاننے کے لئے بارسلونا میں یونیورسٹی پومپیو فابرا (UPF) میں جمع ہوئی۔تحریک کشمیر سپین کے صدر محمد شفیق تبسم نے وقت نکالنے پر طالب علموں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے امید ظاہرکی کہ تقاریر کے بعد کامیاب اورمعلوماتی سوال و جواب کا سیشن ہوگا۔ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے اپنے کلیدی خطیب میں کہا کہ تنازعہ کشمیر کی بین الاقوامی جہت ہے کیونکہ ایک طرف اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوںکا تقدس ہے اور دوسری طرف یہ بھارت اور پاکستان کی ترقی اور استحکام میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کا حل نہ ہونا عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو جنوبی ایشیا میں امن کی بحالی کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فائی نے کہا کہ یہ بھارت تھا جو تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں لے کر گیا تھا اور یکم جنوری 1948کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے قرارداد منظورکی جس میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی کشمیریوں کوحق خود ارادیت دینے کی بات کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت امریکہ نے اس موقف کی حمایت کی کہ کشمیرکے مستقبل کا فیصلہ وہاں کے لوگوں کی مرضی سے ہونا چاہیے۔ ڈاکٹر فائی نے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا حل ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل سے نہ صرف ان لوگوں کو فائدہ ہوگاجو اس تنازعے سے براہ راست متاثر ہوئے ہیں بلکہ بھارت کو بھی ہوگا۔ تحریک کشمیربرطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے کہاکہ کشمیر ی عوام اپنی فطرت سے امن پسندہیں۔ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ وہ جنگ نہیں چاہتے اور اپنے بچوں کو خونی تصادم میں مرتے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتے۔ بلکہ وہ تنازعہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن واستحکام قائم ہوسکے۔ انہوں نے کہاکہ صدر بل کلنٹن نے کشمیر کو دنیا کا سب سے خطرناک علاقہ قرار دیاتھا۔ نیوزی لینڈ کی سابق وزیر اعظم ہیلن کلارک نے کہا کہ کشمیر ایک ایٹمی فلیش پوئنٹ ہے۔ انہوں نے واضح کیاکہ یہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جوہری جنگ کا باعث بن سکتا ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button