بھارتی سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے قتل کے تمام 6 مجرموں کو رہا کر دیا
نئی دلی 11نومبر (کے ایم ایس)
بھارتی سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے قتل کے تمام 6مجرموں کو رہاکرنے کا حکم دیاہے۔
جسٹس بی آر گاوئی اور جسٹس ناگارتنا پر مشتمل سپریم کورٹ کے ایک بنچ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ اگر راجیو گاندھی کے قتل کے مجرموں کے خلاف کوئی اورمقدمہ زیر سماعت نہیں ہے تو انہیں رہا کر دیا جائے۔سپریم کورٹ نے کہا کہ طویل عرصے سے تمل ناڈو کے گورنرمجرموں کی رہائی کے کے معاملہ میں فیصلہ نہیں کرپارہے لہذااس معاملہ میں راجیوگاندھی کے قتل کے ایک مجرم پیراریولن کی رہائی کا حکم بقیہ دیگرمجرموں پر بھی نافذالعمل ہے۔ سپریم کورٹ نے اس سے قبل رواں سال مئی میں پیراریولن کی رہائی کا حکم جاری کیاتھا۔سپریم کورٹ نے راجیو گاندھی کے قتل کے مجرم نلنی، روی چندرن، مروگن، سنتھن، جے کمار اور رابرٹ پائس کورہاکرنے کا حکم جاری کیا ہے جبکہ ایک مجرم پیراریولن کو پہلے ہی رہا کیا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ ریاست تمل ناڈو کی حکومت نے راجیو گاندھی کے قاتلوں کی رہائی کی سفارش گورنر کو بھیجی تھی، لیکن گورنر نے طویل عرصے تک اس پر کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ پیراریوالن کی رہائی کے مقدمے سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ گورنر ریاستی حکومت کی سفارش کو قبول کرنے کے پابند ہیں۔گورنر کی طرف سے مجرموں کی رہائی کے فیصلے میں تاخیر کے بعد سپریم کورٹ نے آرٹیکل 142کے تحت حاصل خصوصی اختیارات کے تحت پیراریولن کی رہائی کا حکم دیا تھا ،جس کے بعد اس حکم کا اطلاق مقدمے کے دیگر مجرموں پر بھی کرتے ہوئے ان کی بھی رہائی کا حکم جاری کیاگیا ہے ۔