کشمیریوں کو انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اوربدترین ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایاجارہاہے
سرینگر17 نومبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت فوجی طاقت ، متعصب عدلیہ اور فرقہ پرست میڈیا کے ذریعے جموں و کشمیر پر اپنا غیر قانونی قبضہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اوربدترین ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنا رہا ہے۔انہں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، نعیم احمد خان، آسیہ اندرابی، ایاز محمداکبر، شاہد الاسلام، معراج الدین کلوال، پیر سیف اللہ، فاروق احمد ڈار، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین، خرم پرویز، مشتاق الاسلام، غلام احمد گلزار، مولوی بشیر احمد عرفانی، شریف سرتاج، محمد حیات بٹ، ڈاکٹر حمید فیاض، مولانا عبدالمجید ڈار، مولانا مشتاق ویری، عبدالرشید دائودی، مولانا عبدالواحد کشتواڑی اور دیگر کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمت کی۔انہوں نے حریت رہنمائوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کو بدترین سیاسی انتقام قراردیا۔حریت ترجمان نے کہا کہ بھارت ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی جاری تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتا ۔انہوںنے جدوجہد آزادی کشمیر کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنمائوں زمرودہ حبیب ، فریدہ بہن جی ، غلام محمد خان سوپوری اور ڈاکٹر مصعب نے کہاہے کہ بھارتی جمہوریت طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے عوام کی آواز دبانے پر یقین رکھتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حریت رہنمائوں ، نوجوانوں اور معمر افراد سمیت ہزاروں کشمیری جیلوں اور حراستی مراکز میں قید ہیں اور ان کی زندگیوںکو دوزخ بنادیاگیا ہے ۔