آزاد کشمیراو آئی سی

مسئلہ کشمیر” او آئی سی“ کی ترجیحات میں شامل ہے، حسین براہیم طحہٰ

مظفر آباد11دسمبر (کے ایم ایس)اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہٰ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر او سی آئی کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور وہ دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب دلانے کیلئے دورے پر آئے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حسین براہیم طحہ نے ان خیالات کا اظہارآج( اتوار) کو آزاد جموں و کشمیر کے دورے کے دوران مظفر آباد میں صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرانا ہماری ذمہ داری ہے، آزادجموں و کشمیر کا دورہ اس لئے کیا تا کہ اپنی آنکھوں سے صورتحال دیکھ سکوں۔حسین براہیم طحہٰ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے، ہمارا کردار او آئی سی کے رکن ممالک کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرنا ہے۔
اس موقع پر آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آج کا دن کشمیریوں کیلئے بہت اہم ہے، حسین براہیم طحہٰ کی قیادت میں او آئی سی کے وفد کا دورہ آزاد جموں و کشمیر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پیشرفت کا حامل ہے ۔ ا نہوںنے کہا کہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کی آمد سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوں گے۔صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کی آزاد کشمیر آمد بھارتی ظلم و استبداد کے شکار کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے۔ اوآئی سی سیکرٹری جنرل نے آزاد جموں و کشمیر کے دورے کے موقع پر مظفرآباد میں شہداکی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور لائن آف کنٹرول کے چکوٹھی سیکٹر کا دورہ کیا۔انہوں نے کشمیر کاز کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ سمیت دیگر حکومتی شخصیات بھی او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے ہمراہ تھیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button