بیرون ملک مقیم پاکستانی مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کریں، ڈاکٹر عارف علوی
اسلام آباد 02جنوری(کے ایم ایس)
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر زوردیا ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارت میں اقلیتوں پر ہونے والے ظلم و ستم کو اجاگر کریں۔
ڈاکٹر عارف علوی نے پیر کواسلام آباد میں برطانیہ اور امریکا میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط کشمیر جموں و کشمیر کا مسئلہ دیرینہ حل طلب مسئلہ ہے جو ابھی تک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں پر عملدرآمد کا منتظر ہے ۔ صدر مملکت نے بھارت میں اسلامو فوبیا اور انتہا پسند ہندوتوا نظریے کی بڑھتی ہوئی لہر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں مذہبی انتہا پسندی عروج پر ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوتوا سے متاثر اکثریتی ہندو آبادی کو ملک کی تمام مذہبی یا نسلی اقلیتوں کے خلاف کھڑا کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان میں اقلیتوں کے ساتھ ان کے مذہب کی بنیاد پر امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کا فرض ہے کہ وہ بھارتی فورسز کی طرف سے معصوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو عالمی سطح پراجاگر کریں ۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اقوام متحدہ کے قیام کا بنیادی مقصد دنیا بھر میں تنازعات کم کرنا تھا، بدقسمتی سے تنازعات زیادہ تر یورپ میں کم ہوئے جبکہ دنیا کے دیگر حصوں بالخصوص مسلمان ممالک میں تنازعات میں کوئی کمی نہیں آئی۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ عراق، شام، لیبیا اور افغانستان اور دنیا کے دیگر حصوں میں جنگوں اور تنازعات کو نہیں روک سکا، یہ جنگیں ترقی یافتہ دنیا کے مخصوص مقاصد کے حصول کے لیے غلط معلومات، جعلی خبریں اور غلط معلومات پھیلا کر لڑی گئیں۔وفد میں لارڈ قربان حسین، لارڈ واجد خان، عمران حسین، یاسمین ڈار، کامران حسین، ارشد رچیال، راجہ نجابت حسین، ماجد نذیر، امان مجید، حماس مجید، طاہرہ محمد ، نواب الدین، سید علی کامران کرمانی، شکور احمد، نقاش مشتاق دیوان، شیرباز منیر چوہدری، محفوظ اللہ، شرافت اللہ، ساجد خان، ندیم احمد خان،افتخار علی خان، افضل بٹ اور خبیب فائونڈیشن کے عہدیدار شامل تھے۔