دیرینہ تنازعہ کشمیر عالمی امن کیلئے مسلسل خطرہ ہے،مشعال ملک
اسلام آباد:
انسانی حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانے کے بارے میں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی معاون خصوصی مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ تصفیہ طلب دیرینہ تنازعہ کشمیر سے عالمی امن کو مسلسل خطرہ لاحق ہے۔
مشعل ملک نے اسلام آباد میں برطانوی پارلیمنٹ میں لیبر پارٹی کے شیڈو وزیر افضل خان سے ملاقات میں ان خیالات کا اظہار کیا ۔انہوں نے برطانوی پارلیمنٹ کے شیڈو منسٹر کو آگاہ کیا کہ مودی حکومت اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کیلئے سازشیں کررہی ہے۔مشعل ملک نے اس بات کا اعادہ کیا کہ خطے میں پائیدار قیام امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔
اس سے قبل مشعال ملک نے مزاراقبال پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ مودی حکومت پوری دنیا کا امن تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے، کشمیر اور فلسطین کے مسئلہ کے پائیدار حل کے بغیر دنیا میں امن کا قیام ایک خواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے، کشمیری قوم ہمیشہ سے سول سوسائٹی کی جانب سے آواز بلند کرنے کا کہتی رہی،ہمیں ڈرنا نہیں بھارت کو بے نقاب کرنا ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ علامہ اقبال کے مزار پر حاضری کا مقصد ان کے افکار سے روحانی تعلق ہے، علامہ اقبال نے خودی کامقصد قوم کو بتایا اور بانگ درا میں شاہین کا درس دیا، کشمیر ہو یا فلسطین دونوں قوموں کی بات اپنی شاعری میں کی، کشمیریوں کی جدوجہد اور فلسطین و کشمیر کے بارے میں علامہ اقبال کا موقف ہم سب پر واضح ہے۔