پاکستان

اقوام متحدہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی قرارداد پر عملدرآمد یقینی بنائے، کائرہ

اسلام آباد 04 جنوری (کے ایم ایس) وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے یوم حق خود ارادیت کے موقع پر اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے منظور کی گئی اپنی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قمر زمان کائرہ نے ایک بیان میں کہا کہ حق خود ارادیت کیلئے ہزاروں کشمیریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اس وقت مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید نہ کیا جاتا ہو۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اسرائیلی طرز کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اور وہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت ماورائے عدالت قتل اور کشمیریوں کی نسل کشی کے ذریعے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
مشیر امور کشمیر نے کہا کہ بھارت کے یہ تمام اقدامات نہ صرف اقوام متحدہ بلکہ تمام بین الاقوامی قوانین اور چوتھے جنیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کریں اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے آواز اٹھاتا رہے گا اور ان کی حمایت سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری تمام عالمی فورمز پر کشمیریوں کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل عملدرآمدتک تنازعہ کشمیر عالمی فورمز پر اٹھاتا رہے گا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button