بیانات

جرات اور ثابت قدمی پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ کا خیرمقدم

سرینگر 13جنوری (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں و کشمیر مسلم لیگ نے غیر قانونی طور پر نظر بند کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین اورپارٹی کے سربراہ مسرت عالم بٹ کی جرات اور ثابت قدمی کا خیر مقدم کیا ہے۔
مسرت عالم بٹ نے کشمیر کاز سے وابستگی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے لیے کشمیریوں کی خواہشات کی ترجمانی کرتے ہوئے اپنی زندگی کا نصف حصہ بھارتی جیلوں میں گزاراہے۔مسلم لیگ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ غیر قانونی طورپر نظربند مسرت عالم بٹ پر 39مرتبہ کالاقانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیاگیا اور کشمیر ہائی کورٹ نے مسرت عالم بٹ کی کالے قانون کے تحت نظربندی کو کالعدم قراردیا۔ مسلم لیگ نے مقبوضہ علاقے میں بڑے پیمانے پر جاری پکڑ دھکڑ کی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فوجیوں نے ولیج ڈیفنس گارڈز کے ارکان کے ہمراہ مسلسل دوسرے ہفتے بھی پونچھ ، کٹھوعہ اور راجوری کے اضلاع کے متعدد دیہات اور قصبوںبشمول پیر پنچال رینج، ڈوڈہ، کشتواڑ ،ریاسی اور وادی چناب کے علاقے رام بن میں مسلمانوں کے خلاف گھر گھر تلاشی کی مہم جاری رکھی ہوئی ہے۔بھارتی فورسز نے پیراملٹری اہلکاروں کے ساتھ مل کر ولیج ڈیفنس گارڈز کے نام سے ایک بھارت نواز ملیشیا بھی قائم کی ہے اور اس کے ارکان کو ہتھیاروں کی تربیت دی جارہی ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع راجوری کے علاقے سندر بنی میں کنٹرول لائن کے قریب مہادیو مینکا فائرنگ رینج میں تربیتی کیمپ قائم کیے گئے ہیں جس سے علاقے کے مسلمانوں میں خوف و دہشت پھیل گئی ہے ۔مسلم لیگ نے بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیری مسلمانوں پر مظالم اور انہیں ہراساں کرنے کی بھی مذمت کی۔بیان میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تقریبا چار درجن مسلم نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور پولیس اسٹیشنوں اور آرمی کیمپوں میں خواتین سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ مسلم لیگ نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین زمینی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے کشمیری عوام کو بھارتی ریاستی دہشت گردی سے نجات دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔بیان میں عالمی برادری سے بھی مقبوضہ علاقے کی صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل کی گئی ہے ۔مسلم لیگ نے اسلامی جمہوریہ پاکستان جو اس تنازعہ کا ایک اہم فریق ہے پر بھی زور دیاہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف بھارتی جرائم بند کرانے کیلئے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اور اسلامی تعاون تنظیم سے رابطہ کرے ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button