بی جے پی مسجد اورمندر کے تنازعے پر لوگوں کو الجھا کر اصل مسائل سے توجہ ہٹا رہی ہے ، محبوبہ مفتی
جموں 13 ستمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی پرکڑی تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ بی جے پی مسجد اور مندر کے تنازعے پر لوگوں کو الجھا کے اصل معاملے سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔
محبوبہ مفتی نے ایک بیان میں وارنسی کی ضلعی عدالت کی طرف سے گیان واپی مسجد کیس میں ہندو فریق کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے مقدمے کو قابل سماعت قراردینے سے متعلق فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ گیانواپی کیس میں عدالت نے اپنے فیصلے میں بی جے پی کے بیانیے کی تائید کی ہے۔انہوں نے کہاکہ ضلعی عدالت کے فیصلے سے مسلمانوں میں شدید ناراضگی اور مایوسی پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی بھارت میں بیروزگاری، غربت اور مہنگائی کو ختم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اس لیے وہ مسجد اور مندر کے موضوع پر لوگوں کو الجھا رہی ہے تاکہ لوگوں کی اصل مسلئے سے توجہ ہٹائی جاسکے اور گیان واپی مسجد معاملے میں عدالت کا فیصلہ بی جے پی کے اسی بیانیے کی تائید کرتا ہے۔ محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ عدالتوں نے فیصلہ دیا تھا کہ مذہبی مقامات کو 1947کی پوزیشن پر برقرار رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز گیان واپی معاملے میں وارانسی کی ضلعی عدالت نے مسجد میں پوجا کی اجاز ت دینے کی ہندو فریق کی درخواست کو قابل سماعت قراردیتے ہوئے مقدمے کی آئندہ سماعت 22ستمبر کو مقرر کی تھی ۔